اسکولس کی کشادگی کے باوجود آن لائن تعلیم جاری رکھنے کا مشورہ

   

دسویں جماعت کے بہتر نتائج کے لیے ٹیچرس کو محنت کرنے پر زور : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے یکم فروری سے اسکولوں کی کشادگی کے باوجود ٹیچرس کو آن لائن کی تعلیم جاری و برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ۔ لائنس کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام سرکاری اسکولس کے ٹیچرس کے لیے آن لائن تعلیمی مقابلہ کا انعقاد کیا ۔ بہتر مظاہرہ کرنے والے ٹیچرس کو ہریش راؤ نے تہنیت پیش کرتے ہوئے اسناد تقسیم کئے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بے شمار خدمات انجام دینے والی لائنس کلب کی جانب سے تدریس کے معاملے میں ٹیچرس کے درمیان مقابلہ آرائی کا انعقاد ایک اچھی علامت ہے جو ناقابل فراموش ہے ۔ اس سے نا صرف ٹیچرس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ ان میں جوش و خروش پیدا ہوتا ہے جو طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ وزیر نے کہا کہ کورونا بحران اور لاک ڈاؤن سے تعلیم کے علاوہ دوسرے شعبوں میں کئی تبدیلیاں آئی ہیں ۔ ٹیچرس نے بھی آن لائن میں طلبہ کو پڑھایا ہے ۔ یہ دور ٹیچرس کے لیے بہت بڑا چیالنج بھرا دور رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل کلاس روم میں ہی تیار ہوتا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ صرف ملازمت حاصل کرنے کے لیے تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح نہ دیں بلکہ تعلیم کے زیور سے اخلاق اور معیارات کو بھی اہمیت دینے کی ضرورت ہے ۔ طلبہ میں سماجی ذمہ داری بحال کرنے کیلئے تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ٹیچرس کو مشورہ دیا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ چند کارپوریٹ تعلیمی ادارے اپنی سماجی ذمہ داری بخوبی نبھانے میں ناکام رہے ۔ دسویں جماعت کے نتائج بہتر برآمد ہونے کیلئے ٹیچرس کو بہت زیادہ محنت کرنے کا مشورہ دیا ۔۔