۔225 اسکولس کا مواد دستیاب ، شاطر خاتون کے خلاف کارروائی
حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) اسکولس کے فیس بک اکاونٹس سے مواد حاصل کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کرنے والی ایک شاطر خاتون کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ خود کو آئی ٹی پروفیشنل ظاہر کرتے ہوئے سائیرہ جوذف کی شناخت بناکر ہراساں کرنے والی اس خاتون نیہا کو پولیس نے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نیہا خانگی اسکولس کے فیس بک اکاونٹ سے اسکول کے متعلقہ تصاویر اور مواد کو ڈاؤن کرلیا کرتی تھی اور ان تصاویر کو چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے بلیک میل کرتی تھی ۔ پہلے ان اسکولس کو واٹس اپ اور فیس بک کے ذریعہ مسیج کرتی تھی اور آہستہ آہستہ انہیں اپنی جعلسازی کا شکار بناکر انہیں دھمکایا کرتی تھی ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق اس خاتون کے خلاف حیدرآباد کے4 اسکول انتظامیہ نے شکایت کی تھی اور ایک پلے اسکول کے ذمہ دار نے سائبر کرائم سے رجوع ہوکر ساری حقیقت سے آشکار کیا ۔ اسکول کے فنکشن اور تقاریب کی تصاویر کو اکثر اسکولی انتظامیہ اپنے فیس بک اکاونٹ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں اور یہ شاطر خاتون اس مواد سے انہیں دھمکایا کرتی تھی ۔ تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے بعد بے بنیاد اور غلط مواد کو تحریر کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو روانہ کرتی تھی اور اس طرح عام کرنے کی دھمکی دیا کرتی تھی اور اس مواد کو ہٹانے کیلئے رقمی مطالبہ کرتی تھی ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس خاتون کے سیل فون میں 225 سے زائد اسکولس کی اطلاعات کو برآمد کیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا ۔