اسکولوں میں زائد فیس کی وصولی کے خلاف ڈی ای او کا انتباہ

   

ملازمین کو علیحدہ نہ کرنے اورٹیچرس کوکم سے کم 50 فیصد تنخواہ دینے کی ہدایت
زائد فیس کی وصولی کے خلاف فون پر شکایت کی سہولت
ہیلپ لائن سنٹر کا قیام

حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل(سیاست نیوز) حیدرآباد کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر وینکٹ نرسماں نے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ اسکولوں میں زائد فیس کی وصولی کی صورت میں محکمہ تعلیم سے شکایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت کوئی بھی خانگی اسکول فیس میں اضافہ نہیں کرسکتا۔ ڈی ای او نے بعض تعلیمی اداروں کے انتظامیہ سے بات چیت کی اور انتظامیہ نے حکومت کے احکامات پر عمل آوری کا تیقن دیا۔ محکمہ تعلیم نے اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ ان کے پاس کام کرنے والے ملازمین کو کم از کم 50 فیصد تنخواہ حوالہ کی جائے۔ کسی بھی ملازم کو ملازمت سے علحدہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں حکومت کے احکامات موجود ہیں۔ کسی بھی اسکول میں زائد فیس کی وصولی پر فون نمبر 040-29701474 پر شکایت کی جاسکتی ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی ۔ جاریہ ماہ محکمہ تعلیم نے ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا ہے۔ اضافی فیس کی وصولی کے بارے میں حکومت کو تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔