ضلع کلکٹرس سے چیف سکریٹری سومیش کمار کی ٹیلی کانفرنس، ٹیچرس اور اسٹاف کی ٹیکہ اندازی مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس ، ایڈیشنل کلکٹرس ، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ریاست میں اسکولوں کی کشادگی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے بارے میں جائزہ لینے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے ۔ چیف سکریٹری نے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری اور ٹیچرس کی ٹیکہ اندازی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کلکٹرس اور ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنائیں ۔ خانگی اور سرکاری اسکولوں میں ٹیکہ اندازی پر توجہ دی جائے ۔ کلکٹرس اورضلع عہدیداروں کو اسکول بس ڈرائیورس ، مڈ ڈے میل اسٹاف ، صفائی عملہ اور دیگر ملازمین کی ٹیکہ اندازی مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ہر اسکول میں یہ بیانر لگایا جائے کہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف مکمل طور پر ویکسین حاصل کرچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ اسکول میں کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے کورونا کی امکانی تیسری لہر کے پیش نظر تمام اسکولوں میں احتیاطی تدابیر میں کوئی کوتاہی نہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور خاص طور پر کلاس رومس کی روزانہ صفائی کی جائے ۔ کسی بھی طالب علم ، ٹیچرس یا اسکول ورکر میں کورونا کی علامات پائی گئیں تو انہیں فوری مقامی ہاسپٹل یا پرائمری ہیلت سنٹر سے رجوع کرتے ہوئے کورونا ٹسٹ کرایا جائے۔ R
کسی کو کورونا پازیٹیو ہونے پر اسکول میں دیگر طلبہ کیلئے سماجی فاصلے کا انتظام کیا جائے ۔ چیف سکریٹری نے مڈ ڈے میل پروگرام کے دوران احتیاط کرنے کا مشورہ دیا اورکہا کہ طلبہ کیلئے سماجی فاصلہ کے ساتھ لنچ کا انتظام کیا جائے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، سکریٹری تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ ، سکریٹری ہیلت مرتضی علی رضوی ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، کمشنر پنچایت راج رگھونندن راؤ ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن شریمتی دیواسینا ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار ٹیلی کانفرنس میں شریک تھے ۔ R