بودھن : 14 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری مدارس میں مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کے لیے انٹک یونین CITU کی قیادت میں منظم کردہ احتجاج کے دوران آج رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر کی سرکاری رہائش گاہ بودھن کے سامنے بھی سی آئی ٹی یو قائد شنکر گوڑ کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ شنکر گوڑ نے کہا کہ دوپہر کا پکوان کرنے والے عارضی ملازمین کو ماہانہ صرف ایک ہزار روپئے تنخواہ ادا کی جاتی ہے جبکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تحریک تلنگانہ کے دوران اعلان کیا تھا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد تمام عارضی ملازمین کو مستقل نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ کوئی بھی کنٹراکٹ یا خانگی ملازم سرکاری دفاتر یا اداروں میں باقی نہیں رہے گا۔ ہر ایک کو کم از کم 21 ہزار روپئے تنخواہ فراہم کرنے کا کے سی آر نے وعدہ کیا تھا۔ شنکر گوڑ نے کہا کہ کے سی آر اگر اپنے وعدے پر قائم رہنے میں ناکام رہے تو پھر آئندہ اسمبلی کے عام انتخابات میں انہیں عارضی ملازمین وعدہ خلافی کی ضرور سزاء دیں گے۔