اسکولوں کو آدھار میں لازمی بایومیٹرک اپ ڈیٹ کیلئے مہم

   

نئی دہلی، 3 مارچ (یو این آئی) ایک اہم سنگِ میل کے طور پر منفرد شناخت سے متعلق ہندستان کی اتھارٹی (یو آئی ڈی اے آئی) نے ملک بھر میں 1,03,000 سے زائد اسکولوں کا احاطہ کرتے ہوئے لاکھوں طلبہ کو ان کے اسکول کیمپس میں ہی آدھار میں لازمی بایومیٹرک اپ ڈیٹ (ایم بی یو) آسانی اور سہولت کے ساتھ مکمل کرنے میں مدد فراہم کی ہے ۔ اب تک اس بڑے پیمانے کی مہم کے تحت تقریباً 1.2 کروڑ (12 ملین) اسکولی بچوں نے اپنے اسکولوں میں ہی ایم بی یو مکمل کیا ہے ۔ یو آئی ڈی اے آئی نے ستمبر 2025 میں اسکولی بچوں کیلئے مشن موڈ میں ایم بی یو مہم کا آغاز کیا، جو یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس (یو ڈی آئی ایس ای پلس) ایپلیکیشن کے ساتھ کامیاب تکنیکی انضمام کے بعد ممکن ہوا۔ اسکولی تعلیم و خواندگی کے مرکزی محکمہ کے یو ڈی آئی ایس ای پلس کے ساتھ انضمام سے اسکولوں میں بچوں کے ایم بی یو کی حیثیت کی نگرانی ممکن ہوئی۔ اس کے ذریعے ان بچوں کی نشاندہی کی گئی جن کا ایم بی یو باقی تھا، اور اسکولوں میں کیمپ لگا کر اپ ڈیٹ مکمل کرایا گیا۔