کمشنر اسکول ایجوکیشن کی وضاحت، ڈی ای اوز کو احکامات کی اجرائی سے گریزکی ہدایت
حیدرآباد ۔ محکمہ تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو پابند کیا ہے کہ وہ حکومت کی اجازت کے بغیر اسکولوں کی دوبارہ کشادگی اور آن لائن کلاسیس کے بارے میں کوئی احکامات جاری نہ کریں۔ کمشنر اسکول ایجوکیشن چترا رامچندرن نے اس سلسلہ میں خصوصی احکامات جاری کئے۔ تمام ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس اسکول ایجوکیشن اور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ ۔19 وباء کے پیش نظر تلنگانہ حکومت نے ریاست میں تعلیمی سال 2020-21 کیلئے اسکولوں کی کشادگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ حکومت نے تعلیمی سال کے آغاز کے بارے میں بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ حکومت اور محکمہ تعلیم نے ریاست میں اسکولوں میں آن لائن کلاسیس کے انعقاد کے سلسلہ میں کوئی گائیڈ لائنس جاری نہیں کئے ہیں۔ بعض ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس میڈیا کے ذریعہ اس سلسلہ میں احکامات جاری کررہے ہیں لہذا تمام ڈی ای اوز کو پابند کیا گیا کہ وہ اسکولوں کی کشادگی اور دیگر اُمور پر کمشنر اسکول ایجوکیشن کی ہدایات کے بغیر اپنے طور پر کوئی احکامات جاری نہ کریں۔حکومت کی ہدایات کے بغیر احکامات کی اجرائی کا سختی سے نوٹ لیا جائے گا اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے آن لائن کلاسیس کے سلسلہ میں واضح ہدایات کی عدم اجرائی کے باوجود کئی اسکولوں نے اپنے طور پر آن کلاسیس کا آغاز کردیا۔ حکومت نے 21 اپریل کو جی او ایم ایس 46 جاری کرتے ہوئے تمام اسکولوں کو تعلیمی سال 2020-21 میں فیس میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے علاوہ ماہانہ اساس پر فیس وصول کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکومت کے احکامات کے باوجود اسکول انتظامیہ بقایا اور نئے سہ ماہی کی فیس ادا کرنے کیلئے سرپرستوں پر دباؤ بنارہے ہیں۔ فیس کی ادائیگی کی صورت میں آن لائن کلاسیس میں حصہ لینے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ آن لائن کلاسیس کا معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوچکا ہے اور ہائی کورٹ نے حکومت سے موقف کی وضاحت طلب کی ہے۔