اسکولوں کے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے

   

محبوب نگر میں عہدیداروں کے اجلاس سے ضلع کلکٹر جی روی نائک کا خطاب

محبوب نگر ۔ 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منا اورو منا بڑی (ہمارا گاؤں ہمار اسکول) اسکیم کے تحت تیز رفتاری کے ساتھ کاموں کی تکمیل کی جائے۔ ضلع کلکٹر محبوب نگر جی روی نائک نے جدید کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں ضلع عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ہدایت دی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر یادیا نے واقف کرایا کہ اسکیم کے تحت 291 اسکولس کا آغاز کیا گیا ہے۔ جن میں سے 32 ماڈل اسکولس کو پہلے مرحلہ میں جگہ دی گئی ہے۔ 4 اسکولس شروع ہوچکے ہیں جبکہ 20 اسکولس شروع ہونے کو تیار ہیں۔ ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ ہر منڈل میں کم سے کم 2 اسکولس کی شروعات کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ جہاں تعمیراتی کام مکمل ہوگیا ہے وہاں پنٹنگ کے کام کی تکمیل کرلی جائے۔ تعلیمی سال کے اختتام تک جملہ 291 اسکولس کھول دیئے جائیں۔ کلکٹر نے کنٹی ویلگو (آنکھوں کی روشنی) اسکیم کا بھی جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر، ڈی پی او، ڈی آر ڈی او، میونسپل کمشنر کو پابند کیا کہ وہ شعور بیداری کے لئے اقدامات کریں۔ ضلع کلکٹر کے دفتر میں خصوصی کیمپ قائم کیا جائے۔ ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کرشنا نے واقف کرایا کہ تاحال 72975 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ہے۔ 9780 افراد کو پڑھنے کے چشمے دیئے گئے ہیں جبکہ 7620 افراد کو پڑھنے کے نمبر تجویز کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر کلکٹر نے دیہی کھیلوں کے میدانوں کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر سیتاراما راؤ، کنٹی ویلگو پروگرام آفیسر ڈاکٹر ونود، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر بھاسکر نائک، ڈی آر ڈی او یادیا، ڈی پی او وینکٹیشورلو، ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسرز زرینہ بیگم، میونسپل کمشنر پردیپ کمار کے علاوہ انجینئرنگ محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئرس و دیگر موجود تھے۔