اولیائے طلبہ کو احتیاط برتنے کا مشورہ ، اڈیشنل کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ کا بیان
حیدرآباد ۔ /26 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے تعلیمی سال کے آغاز کے بعد سے اب تک محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولی بچوں کے آٹوز ، ویان اور بس ڈرائیورس کے خلاف جملہ 3873 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک انیل کمار نے کہا کہ جاریہ تعلیمی سال کا آغاز /12 جون کو ہوا ہے اور حیدرآباد ٹریفک پولیس نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایسے بس آٹو اور ویان ڈرائیورس کی نشاندہی کی جو بغیر لائیسنس ، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے علاوہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور صبح 7.30 تا 9.30 اور شام 3 تا 5 بجے تک اسکول کے اطراف و اکناف علاقوں میں خصوصی مہم چلائی گئی جس کے دوران مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے طلباء کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے آٹوز ، ویان اور بسیس میں نہ بھیجیں جن کے ڈرائیورس کے پاس لائسنس نہ ہوں اور وہ مقررہ نشستوں سے زیادہ بچوں کو اسکول منتقل کرتے ہیں ۔ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورس کو انتباہ دیا ہے کہ وہ اسکولی بچوں کی منتقلی کے دوران لاپرواہی نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔