بڑی گاڑیوں کی بے ہنگم ڈرائیونگ ۔ حبشی گوڑہ میںطالبہ فوت
حیدرآباد 30 اگسٹ ( سیاست نیوز ) شہر میں اسکول کے اوقات ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور بڑی گاڑیوں پر نوانٹری کے شرائط بے فیض ثابت ہورہے ہیں ۔ احکام محض کاغذ تک محدود دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ان پر عمل دکھائی نہیں دیتا ۔ کل حبشی گوڑہ میں پیش آیا سڑک حادثہ لاپرواہیوں کی گواہی بن گیا جہاں ایک بے قابو لاری کی زد میں آکر ایک اسکولی طالبہ ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے جو متوفی کی والدہ اور چھوٹا بھائی ہیں ۔ مہلوک طالبہ کی شناخت 10 سالہ کامیشوری کی حیثیت سے کرلی گئی جو حبشی گوڑہ جانسن گرام اسکول کی 6 ویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔ لڑکی اپنی والدہ سنتوشی اور چھوٹے بھائی ویدانشی کے ہمراہ اسکوٹی پر جارہی تھی ۔ سنتوشی اپنے بچوں کو اسکول سے گھر لے جارہی تھی کہ لاری نے اسکوٹی کو ٹکردے دی کامیشوری پہیوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جبکہ ماں بیٹا زخمی ہیں ۔ کامیشوری کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ پولیس نے لاری کو ضبط کرلیا اور مفرور ڈرائیور کو تلاش کرلیا ہے ۔ ع