بچوں کو مرکزی دھارے کے اسکولوں سے جوڑنے کی کوشش
نئی دہلی : مرکزی وزارت تعلیم کے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی نے جمعہ کے روز یہاں ایک ایسے مینجمنٹپورٹل کا آغاز کیا ہے جو کورونا وباکے سبب اسکولی تعلیمی سسٹم سے باہر ہوچکے بچوں کو واپس جوڑاجاسکے ۔مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال ‘نشنک’ نے اس موقع پر کہا ‘‘یہ اقدام حکومت ہند کی جامع تعلیم پالیسی کے تحت ہے ۔ اس کے علاوہ ، ہم نے رائٹ ٹو ایجوکیشن اور نئی نیشنل ایجوکیشن پالیسی میں بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ جو بچے اسکولی تعلیمی سسٹم سے باہر ہو چکے ہیں ان کو مرکزی دھارے کے اسکولوں سے جوڑا جائے ۔ مینجمنٹ پورٹل کے ذریعے ہم ایسے بچوں کا ڈیٹا بہتر طریقے سے اکٹھا کرسکیں گے اور بچوں کو اسکول کی تعلیم سے منسلک کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ہم پہلی مرتبہ 2021-22سے 16 سے 18 سال تک کے معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کے لئے مالی اعانت کا بھی انتظام کیا ہے تاکہ وہ بچے جو اس عمر میں اسکولی تعلیمی نظام سے ہٹ چکے ہیں، اپنی تعلیم مکمل کرنے کا موقع حاصل کرنے کے لئے ‘اوپن لرننگ’ یا ‘ڈسٹینس ایجوکیش’ کے ذریعہ بھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہم نئی قومی تعلیمی پالیسی کے ویژن کو پورا کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں اور پوری کوشش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک میں کوئی بچہ تعلیمی نظام سے محروم نہ رہے ’’۔اس کے لئے محکمہ تعلیم نے ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے بچوں کا ڈیٹا اکٹھا کریں تاکہ اس کی صحیح نگرانی کی جاسکے ۔ اس کے علاوہ محکمہ نے ایسے بچوں کی تعلیم میں پائے جانے والے وقفہ کو دور کرنے اورخصوصی تربیت کا بندوبست کرنے کے لئے مالی اعانت کا بھی التزام کیا ہے ۔