ایک طالب علم ہلاک اپل میں خوفناک حادثہ ، دیگر 6 زخمی
حیدرآباد /31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نوای علاقہ اپل میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک کمسن طالب علم ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکولی طلبہ کے آٹو کو ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی اس حادثہ میں جو لٹل فلاور اسکول کے قریب پیش آیا ۔ ایک طالب علم ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوگئے ۔ جائے حادثہ پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر راہگیر اور مقامی عوام شدید برہم ہوگئے ۔ بڑے گاڑیوں کی شہری علاقوں میں مصروف ترین اوقات نقل و حرکت عوام میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ اور ارباب مجاز کی جانب سے ان گاڑیوں بالخصوص ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹپر اور بڑی گاڑیوں کو مشتبہ طور پر نظر انداز کرنے کے سبب اس طرح کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آج صبح اسکولی طلبہ سے بھرا ہوا آٹو اس راستہ سے گذر رہا تھا ۔ جو روزآنہ اسکولی طلبہ کے حمل و نقل کا ذریعہ بتایا گیا ہے کہ اچانک ایک تیز رفتار لاری اس علاقہ میں نمودار ہوگئی اور اسکولی طلبہ کے آٹو کو زد میں لے لیا ۔ اس حادثہ میں ایک ساتویں جماعت کا طالب علم 13 سالہ اونت کمار ہلاک ہوگیا جو حبشی گوڑہ کے علاقہ میں واقع خانگی اسکول کا طالب علم بتایا گیا ہے ۔ جبکہ اس حادثہ میں 15 سالہ ویدنت کمار 9 ویں جماعت کے پرشنت ریڈی ، نندنی ، کرتی ، وائشنوی اور ریتو شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق متوفی لڑکا اونت کمار نیو بھرت نگر علاقہ کے ساکن سنتوش کمار کا بیٹا بتیا گیا ہے ۔ جو پیشہ سے آر ٹی سی کنڈاکٹر بتایا گیا ہے اور زخمیوں میں متوفی طالب علم کا بھائی ویدانت کمار بھی شامل ہے جو باشیم اسکول حبشی گوڑہ کے طلبہ تھے ۔ اور ان تمام طلبہ کا تعلق ایک ہی کالونی سے ہے ۔ پولیس اپل نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔