اسکولی طلبہ کا قاتل اپنا دماغ عطیہ کرے گا

   

نیویارک : امریکی اسکول میں فائرنگ کر کے 17 طلبہ اور عملے کے ارکان کو ہلاک کرنے والا شخص اپنا دماغ سائنس کے لیے عطیہ کرنے پر راضی ہوگیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ نکولس کروز نے 14 فروری 2018 کو امریکی ریاست فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کی تھی، جس کے بعد سے وہ اب تک عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اس حملے میں 5 گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے 21 سالہ انتھونی بورجس کے وکیل نے یہ غیر معمولی تجویز پیش کی تھی۔زخمی ہونے والے شخص کے وکیل نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سائنس دانوں نے اس کے دماغ کا مطالعہ کیا تو وہ یہ جان سکیں گے کہ اسے کس چیز نے اتنا ظالم بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید کسی قسم کا عدم توازن تھا جس کی وجہ سے ایسا ہوا جسے ہم مستقبل میں روک سکتے ہیں۔اس واقعہ میں زخمی ہونے والے متاثرین کے ایک اور وکیل نے اس تصفیہ کو بے مثال قرار دیا ہے۔

چین میں ایئرپورٹ پر مسافر کی پتلون سے 100 زندہ سانپ برآمد
بیجنگ: چین کے ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے ایک مسافر کو اپنی پتلون کے اندر 100 زندہ سانپ اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا۔ چین کے کسٹم حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسافر کو کسٹم افسران نے اس وقت روک دیا جب وہ ہانگ کانگ سے نکل کر سرحدی شہر شینزین جانے کی کوشش کر رہا تھا۔کسٹم حکام کی جانب سے معائنے پر یہ بات سامنے آئی کہ مسافر نے جو پتلون پہن رکھی ہے اس کی جیبوں میں کینوس کے 6 بیگز چپکائے ہوئے تھے اور ان جیبوں کو ٹیپ کے ذریعے بند کیا گیا تھا۔
کسٹم حکام نے مسافر کی جیبوں سے وہ بیگ نکالے تو ہر بیگ میں مختلف سائز اور اقسام کے درجنوں زندہ سانپ پائے گئے ۔