محکمہ تعلیم کی نئی پہل، معیار تعلیم بہتر بنانے کے اقدامات
حیدرآباد: محکمہ تعلیم نے اسکولی طلبہ کیلئے ایک منفرد طریقہ کار متعارف کیا ہے جس کے تحت طلبہ واٹس اپ پر ویکلی ٹسٹ لکھ سکتے ہیں۔ آن لائین ایجوکیشن سے مربوط کلاسس میں طلبہ کی حصہ داری اور مضمون سے ان کی دلچسپی کا پتہ چلانے کے لئے واٹس اپ پر ہفتہ واری ٹسٹ کی تجویز رکھی گئی ہے۔ مذکورہ ٹسٹ کے ذریعہ طلبہ کی قابلیت کی جانچ کی جاسکتی ہے۔ گھر پر تعلیم کے عنوان سے نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پہلی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ ویکلی ٹسٹ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر اسکولوں نے آن لائین ایجوکیشن کے ذریعہ کلاسس کا آغاز کیا ہے ۔ واٹس اپ پر ہفتہ واری ٹسٹ کے انعقاد کا مقصد معیاری تعلیم کو یقینی بنانا ہے ۔ واٹس اپ چیاٹ کے لئے فون نمبر 8595524405 دیا گیا ہے ۔ ویکلی ٹسٹ کے تحت ہر ہفتہ دو مضامین سے متعلق 8 سوالات دیئے جائیں گے ۔ فی الوقت ویکلی ٹسٹ پہلی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے انگلش اور میاتھس کے مضامین کیلئے شروع کیا گیا ہے۔ دیگر مضامین کیلئے بہت جلد توسیع دی جائے گی ۔ واٹس اپ کے ذریعہ پہلی تا دسویں جماعت کے طلبہ کو ورک شٹ فراہم کی جائے گی اور ہر ہفتہ 10 سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔ طلبہ کو سوالات کے جوابات کی تیاری کے سلسلہ میں ویڈیو لنکس فراہم کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتداء میں 27,000 سے زائد طلبہ واٹس اپ سے مربوط ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد میں سب سے زیادہ طلبہ واٹس اپ سے جڑ گئے جبکہ ناگرکرنول اور ملگ کے طلبہ کی تعداد کم ہے۔