اسکول اور کالجس میں ٹیچرس اور ملازمین کیلئے ٹیکہ اندازی مہم

   

حیدرآباد: حکومت نے یکم جولائی سے اسکول اور کالجس کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے ، ایسے میں کالجس کی جانب سے لکچررس اور دیگر ملازمین کیلئے کورونا ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے فزیکل کلاسس کے آغاز کیلئے اساتذہ اور ملازمین کی ٹیکہ اندازی کی تجویز پیش کی ہے تاکہ طلبہ کو وباء سے بچایا جاسکے ۔ 15 ماہ بعد حکومت نے تعلیمی اداروں کے آغاز کی اجازت دی ہے اور فزیکل کلاسس شروع ہوں گی۔ کئی اسکول اور کالجس نے اپنے اسٹاف کیلئے ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے ہیں۔ مقامی حکام کے تعاون سے اسکول اور کالجس کے اسٹاف کیلئے ٹیکہ اندازی کی مہم شروع کی گئی ۔ ایسے طلبہ جن کی عمر 18 سال سے زائد ہے، انہیں بھی کورونا ٹیکہ دیا جائے گا ۔ خانگی کالجس اور اسکولس ٹیکہ کیلئے 800 روپئے وصول کر رہے ہیں ۔ حکومت نے ہائی رسک گروپس کے تحت آٹو اور کار ڈرائیورس کیلئے ٹیکہ اندازی کی مہم شروع کی تھی ۔ تعلیمی اداروں کے آغاز کے بعد چونکہ آٹو کے ذریعہ طلبہ اسکول آتے ہیں، لہذا کئی اسکول انتظامیہ نے مقررہ آٹو ڈرائیورس کو ویکسین لینے کا مشورہ دیا ہے ۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف میں ٹیکہ اندازی کی مہم شدت اختیار کرچکی ہے۔