طلبہ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، 15 سال قدیم بسوں کو علحدہ کردیا گیا: پونم پربھاکر
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ اسکول اور کالجس کی بسوں کے حادثات کو روکنے کیلئے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ معائنے کی مہم چلائی جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں کے بسوں کی تعداد تقریباً 24 ہزار ہے اور ہر سال تعلیمی اداروں کی کشادگی سے قبل حکام کی جانب سے بسوں کا معائنہ کرتے ہوئے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے فٹنس کے بغیر قدیم گاڑیوں کے ذریعہ طلبہ کو لے جانے سے متعلق شکایات کی تردید کی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے ایم ایس راج ٹھاکر اور دوسروں کے سوال پر پونم پربھاکر نے اس بات کی تردید کی کہ اسکول اور کالجس کے آغاز سے قبل آر ٹی اے کے عہدیدار بسوں کے فٹنس معائنے پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بسوں میں فٹنس کی کمی کے سبب حادثات میں طلبہ کی موت اور زخمی ہونے کی تردید کی۔ ایم ایس راج ٹھاکر نے شکایت کی کہ شہر کے کئی تعلیمی اداروں کی جانب سے فٹنس کے بغیر بسیں چلائی جارہی ہیں جو حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے خواہش کی کہ طلبہ کی زندگی کو خطرہ میں ڈالنے والی بسوں کو ضبط کریں اور تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں ہر سال فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کئے جاتے ہیں اس کے علاوہ بس ڈرائیورس کی کونسلنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے فیصلہ کے مطابق 15 سال پرانی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس ارکان ایم ایس راج ٹھاکر، اے سرینواس اور وی سری ہری سے خواہش کی کہ اسکول بسوں کے بارے میں کوئی انفرادی شکایت ہو تو ان کے علم میں لائیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آر ٹی اے حکام کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اسکولی طلبہ کی بسوں کا فٹنس معلوم کرنے کیلئے کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں طلبہ کے تحفظ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ کو ٹریفک قواعد کے بارے میں شعور بیداری کیلئے یونیسیف کی جانب سے ہر اسکول میں ٹریکنگ سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے۔1