اسکول اور کالجس کی کشادگی کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر

   


وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، کورونا قواعد پر عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد: وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کھمم ضلع میں اسکول اور کالجس کے دوبارہ آغاز کی تمام تر تیاریاں کریں۔ اجئے کمار نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ یکم فروری سے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں میں نویں اور دسویں جماعت کی کلاسس کا باقاعدہ آغاز ہوگا ۔ جونیئر ڈگری کالجس میں تعلیم کا آغاز کرنے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاسس کے آغاز کے موقع پر طلبہ کو کورونا وائرس کے خطرہ سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول اور کالجس کی عمارتوں کی صفائی کا کام 20 جنوری تک مکمل کرلیا جائے کیونکہ گزشتہ 11 ماہ سے یہ عمارتیں بند تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کلاسس کے آغاز کے بعد روزانہ ہر کلاس روم کو سینیٹائز کیا جانا چاہئے ۔ اجئے کمار نے اسکولوں میں مڈڈے میل کی سربراہی اور ہاسٹلس میں معیاری غذا کی فراہمی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ غذا کی تیاری میں ہر ممکن احتیاط کی جائے۔ طلبہ کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے اور واش رومس کی روزانہ تین مرتبہ صفائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں تھرما میٹر اور آکسی میٹرس رکھے جائیں تاکہ طلبہ کی صحت کی جانچ کی جا سکے۔ بخار کھانسی اور سردی سے متاثرہ طلبہ کو آرام کا مشورہ دیا جائے ۔ ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے محکمہ تعلیم اور سماجی بھلائی کے عہدیداروں کو ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی ہاسٹلس کے علاوہ اقامتی اسکولوں میں انتظامات کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔ ضلع پریشد کے صدرنشین ایل کام راج ، ایڈیشنل کلکٹر سنیہا لتا ، میونسپل کمشنر انوراگ جینتی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مدن موہن اور خانگی اسکولوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔