اَن لاک 5: سنیماگھر، ملٹی پلکس، پارکوں کو کھولنے کی اجازت
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے کوروناوائرس وباء کے پیش نظر اَن لاک 5 کا اعلان کرتے ہوئے تازہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ 15 اکٹوبر سے 50 فیصد گنجائش کے ساتھ سنیماہالس، ملٹی پلکس، انٹرٹینمنٹ پارک کی دوبارہ کشادگی کی اجازت دی ہے۔ اَن لاک 5 کے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے کہا کہ یکم ؍ اکٹوبر سے رہنمانہ خطوط کو جاری کیا گیا ہے۔ تاہم 15 اکٹوبر سے کنٹونمنٹ زون کے باہر کے علاقوں میں نرمی دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کو 15 اکٹوبر کے بعد کھولنے کا فیصلہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی حکومتوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ملک بھر کے کنٹونمنٹ زون میں لاک ڈاؤن 21 اکٹوبر تک نافذ رہے گا۔ نئے رہنمانہ خطوط کا اطلاق بھی کل سے ہوجائے گا۔ بین الاقوامی مسافروں پر پابندی پہلے کی طرح برقرار رہے گی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہیکہ 15 اکٹوبر کے بعد کنٹونمنٹ زون میں سنیماہال، تھیٹر اور ملٹی پلکس بھی نصف گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ سوئمنگ پولس کو کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے 15 اکٹوبر سے کھولا جاسکتا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور کوچنگ انسٹیٹیوٹس کی دوبارہ کشادگی کیلئے ریاستی حکومتوں کو فیصلہ کرنے کی نرمی دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اسکول اور کالج انتظامیہ کے علاوہ والدین اور سرپرستوں کی مرضی اور مشاورت کی اساس پر کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور وزارت تعلیم ہی اسکولوں،کالجوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کشادگی کی تواریخ کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہیکہ آن لائن تعلیم کو ترجیح دی جائے گی، جو اسکول آن لائن کلاسیس جاری رکھتے ہیں وہاں اگر طلبہ ان آن لائن کلاسیس کو ترجیح دینا چاہتے ہیں تو انہیں اس کی اجازت دی جائے گی۔ اسکول آنے والے طلبہ کو والدین سے اجازت لینی ہوگی۔ حاضری کو مسلط نہیں کیا جائے گا۔ والدین کی اجازت پر ہی بچے اسکول جائیں گے۔ اسکولوں کے سلسلہ میں ریاستی حکومتیں اپنا معیاری طریقہ کار وضع کریں گے۔ کالجوں کو کھولنے کا بھی فیصلہ وزارت داخلہ کے ساتھ صلح و مشورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لینے پر کیا جائے گا۔ کالجوں میں آن لائن تعلیم کو ترجیح دی جائے گی۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں اور دیگر سائنس و ٹیکنالوجی کے پوسٹ گریجویٹ کورسیس کیلئے تعلیمی ادارے شرائط کے ساتھ 15 اکٹوبر سے کھولے جاسکتے ہیں۔ کنٹونمنٹ زون کے باہر 15 اکٹوبر کے بعد سماجی، تعلیمی، تیل، تفریحی، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی پروگرام میں 100 سے زیادہ لوگوں کے شامل ہونے کی شرط کے ساتھ اجازت دی جاسکتی ہے۔ اس کیلئے بھی قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔
۔15 اکٹوبر سے کیا چیزیں کھل جائیں گی
سنیماہالس، تھیٹرس، ملٹی پلکس کی 50 فیصد گنجائش کیساتھ کشادگی
ریاستی اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کی حکومت کی اجازت سے اسکولوں، کالجوں اور کوچنگ اداروں کی کشادگی
طلبہ والدین ،سرپرستوں کی تحریری اجازت کیساتھ اسکولوں اور انسٹیٹیوٹ جاسکتے ہیں۔ حاضری لازمی نہیں ۔
سوئمنگ پولس کو کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تاجرین کو تجارتی سرگرمیوں کی نمائش کی اجازت ۔
سماجی ، تعلیمی، اسپورٹس، تفریحی اور مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے صرف100 افراد کی حد تک جمع ہونے کی اجازت ہے۔
ان پر پابندیاں برقرار
کنٹونمنٹ زونس میں لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔
انٹرنیشنل فضائی سفر پر پابندی رہے گی۔ وزارت داخلہ کی اجازت لیکر عالمی سفر کیا جاسکتاہے۔
65 سال کی عمر سے زائد افراد کو گھر میں ہی رہنا ہوگا ۔
نازک بیماری سے متاثر افراد، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچے گھر میں رہیں۔