اسکول بس ، آٹو اور ویان ڈرائیورس کے خلاف کارروائی

   

521 مقدمات کا اندراج ، ٹرافک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ مہم
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) نئے تعلیمی سال کے آغاز پر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی مدد سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے موٹر وہیکل ایکٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول بس ، آٹو اور ویان ڈرائیورس کے خلاف کئی مقدمات درج کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے آج خصوصی مہم کے تحت صبح 7.30 بجے تا 9.30 بجے تک اسکولی بسوں ، ویان اور آٹوز کے فٹنس کی جانچ کی گئی ۔ حالت نشہ میں بغیر لائسنس ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور یونیفارم کے بغیر آٹو ڈرائیورس کے خلاف کارروائی کی گئی اور اس ضمن میں 521 مقدمات درج کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 6 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو حیدرآباد ٹریفک پولیس کے اے سی پی اور دیگر عملہ کے ساتھ یہ کارروائی انجام دی ۔ ٹریفک پولیس نے والدین سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے گاڑیوں اور آٹوز میں اسکول نہ بھیجیں جس میں مقررہ نشستوں سے زیادہ طلباء کو اسکول لایا جاتا ہے ۔ والدین کی لاپرواہی سے کمسن بچوں کی جان کیلئے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ والدین اپنے بچوں کے ویان اور آٹو ڈرائیورس کے لائسنس اور دیگر دستاویزات کی اچھی طرح جانچ کرلیں ۔