میدک، 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر راہول راج نے پرائمری اسکول کے اساتذہ کو ہدایت دی کہ دوپہر کے کھانے کے منصوبے کو منظم اور معیاری انداز میں نافذ کیا جائے۔ وہ میدک منڈل کے پاتور گاؤں میں واقع سرکاری پرائمری اسکول کا میدک کے آر ڈی او رما دیوی کے ساتھ اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں فراہم کیے جانے والے کھانے اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے صاف پانی، ڈائننگ ہال، کلاس رومس اسکول کے احاطے، اسٹور روم اور کچن کا معائنہ کیا۔ کلکٹر نے کچن شیڈ میں کھانے کی تیاری اور طلبہ کو پیش کیے جانے والے چاول کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کھانے کی تیاری میں صاف پانی استعمال کیا جائے اور مینو کے مطابق معیاری خوراک فراہم کی جائے۔ اگر کسی قسم کی دشواری ہو تو فوری اطلاع دی جائے۔کلکٹر نے واضح کیا کہ کھانے کی تیاری سے قبل روزانہ اجزاء کی باریک بینی سے جانچ ضروری ہے، اور کسی بھی ناقص یا غیر معیاری اشیاء کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ طلبہ کی تعلیم میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے اور انہیں بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔اس معائنے کے دوران کلکٹر کے ہمراہ تحصیلدار لکشمن بابو، ریونیو انسپکٹر لکشمن اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔