اسکول میں طلبہ سے مناجات پڑھانے پر پرنسپل معطل

,

   

وشوا ہندو پریشد کی شکایت پر ضلع مجسٹریٹ کی کارروائی
پیلی بھیت (یوپی) ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک سرکاری اسکول کے ہیڈماسٹر کو معطل کردیا گیاجبکہ مقامی صدر وی ایچ پی اور بجرنگ دل قائدین نے شکایت کی تھی کہ طلبہ ’’لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘‘ صبح گا رہے تھے۔ یہ نظم سر محمد اقبال المعروف علامہ اقبال نے 1902ء میں تحریر کی تھی۔ انہوں نے شہرہ آفاق نظم ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ بھی تحریر کی ہے۔ اطلاعات کے بموجب وی ایچ پی کی شکایت پر تحقیقات کی گئیں جو بلاک ایجوکیشن آفیسر اوپیندر کمار نے کی تھی، تفتیش سے پتہ چلا کہ اسکول میں بچے عام طور پر صبح کی اسمبلی میں یہ نظم گایا کرتے ہیں۔ پیلی بھیت کے ضلع مجسٹریٹ وائیبھو سریواستو نے کہا کہ ہیڈماسٹر کو معطل کردیا گیا کیونکہ وہ طلبہ کو قومی ترانہ گانے پر مجبور نہیں کررہے تھے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اگر ہیڈماسٹر نے ایک اور نظم اپنے طلبہ کو چاہتے تو سکھائی ہوتی، انہیں دوسری نظم گانے کیلئے اجازت لینی چاہئے تھی۔ اگر وہ طلبہ کو نظم سکھانے پر مجبور کرنا چاہتے تھے جو قومی ترانہ کے بجائے ہوتی تو ان کے خلاف کوئی جرم عائد نہیں ہوتا تھا۔ معطل ہیڈماسٹر 45 سالہ فرقان علی نے تاہم اس الزام کی تردید کی اور کہاکہ طلبہ باقاعدہ طور پر قومی ترانہ اور اقبال کی نظم ان کے نصاب تعلیم کے ایک حصہ کے طور پر گایا کرتے ہیں۔ یہ نظم پہلی سے آٹھویں جماعت تک نصاب تعلیم میں شامل ہے۔ وی ایچ پی اور ہندو یووا واہنی کارکنوں نے اسکول کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ ہیڈماسٹر نے کہا کہ میرے طلبہ نے حب الوطنی کے نعرے لگائے تھے جیسے ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ روزانہ صبح کی اسمبلی میں یہ نعرے لگائے جاتے ہیں۔ بنیادی شکشا ادھیکاری پھیلی بھیت دیویندر سوروب نے دریں اثناء کہا کہ وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے ارکان کی شکایت قومی ترانہ کے گانے یا نہ گانے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ انہیں اقبال کی نظم پر اعتراض ہے۔ انہوں نے ایک تحریری شکایت بی ایس اے کو داخل کرتے ہوئے ہیڈماسٹر کے خلاف کارروائی کرنے کی خواہش کی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ علامہ اقبال کا ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ کی دھن ہر 15 اگست اور 26 جنوری کو بجائے جاتی ہے۔ ’’لب پے آتی ہے دعا‘‘ ایک باقاعدہ کئی اسکولوں میں گائی جاتی ہے۔ افسانوی گلوکارہ لتامنگیشکر نے بھی یہ گیت گایا تھا جو انتہائی مقبول ہوا تھا۔ ولاس پور بلاک ایجوکیشن آفیسر اوپیندر کمار کی تحقیقات کے بموجب پیلی بھیت کے ہیڈماسٹر کو معطل کردیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے طلبہ کو نظم گانے پر مجبور کیا تھا جو 1902ء میں شاعر محمد اقبال نے تحریر کی تھی۔ 45 سالہ فرقان علی معطل ہیڈماسٹر نے ان پر عائد الزامات کی تردید کی ہے۔