ناگپور کے قریب 91 کیلو گانجہ کے ساتھ حیدرآبادی شخص گرفتار، ڈرگس کے بڑے ریاکٹ کا انکشاف
حیدرآباد: مہاراشٹرا کے علاقہ ناگپور کے قریب پولیس نے 91کیلو گانجہ کے ساتھ ایک حیدرآبادی شخص کو گرفتا رکیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گانجہ کی منتقلی کے الزام میں گرفتار کیا گیا شخص حیدرآباد کے ایک اسکول میں ٹیچر تھا لیکن کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب ملازمت سے محروم ہونے کے باعث کار ڈرائیونگ کررہا تھا ۔ شیوشنکر ایلیا اسلام پلی نے واردھا میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران اس کی گاڑی سے گانجہ برآمد ہونے پر پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایاکہ وہ شہر حیدرآباد کے ایک اسکول میں ڈانس ٹیچرکی حیثیت سے خدمات انجام دیا کرتا تھا اور سال گذشتہ لاک ڈاؤن کے بعد وہ ملازمت سے محروم ہوگیا جس کے سبب وہ کار چلانے لگا تھا ۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اسے اس بات کا علم نہیں ہے کہ اس کی گاڑی میں ڈرگس یا گانجہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شدہ شخص کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 27 سال شیوشنکر نے بتایا کہ اس کے ایک ساتھی ٹیچر نے اسے کہا تھا کہ وہ اگر حیدرآباد سے دہلی گاڑی پہنچا دے گا تو اسے 10ہزار روپئے ادا کرے گا جس پر وہ آمادہ ہوگیا کیونکہ وہ ملازمت سے محرومی کے سبب بے روزگا رتھا اور اسی لئے اس نے حیدرآباد سے کار دہلی لے جانے کے لئے حامی بھر لی لیکن وہ اس بات سے قطعی طور پر لاعلم ہے کہ اس کی کارمیں 91کیلو گانجہ جو کہ 13لاکھ 73 ہزار روپئے کی مالیت کا ہے موجود ہے۔ناگپور پولیس کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ شیوشنکر کے بیان پر پولیس کو اعتماد نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ شیوشنکر کو کار حوالہ کرنے والا ٹیچر کون ہے اور گانجہ کا یہ ریاکٹ کہاں تک پھیلا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد سے دہلی گانجہ منتقلی کے اس واقعہ کے بعد اس بات کا انکشاف ہونے کے قوی امکانات ہیں کہ ملک بھر میں ڈرگس کا بہت بڑا ریاکٹ سرگرم ہے جو کہ بذریعہ سڑک اور خانگی کاروں کے ذریعہ ملک کے کئی شہروں میں ڈرگس منتقل کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گانجہ کی ضبطی اور ایک شخص کی گرفتاری کے بعد پولیس نے نارکوٹک ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر کاروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شیوشنکر کی گاڑی میں گانجہ کی منتقلی کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کو مخبروں کے ذریعہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد ہی پولیس نے ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی مہم شروع کی تھی اور واردھا کے قریب ہائی وے پر اس گاڑی میں گانجہ برآمد ہونے کے بعد شیو شنکر کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے قبضہ سے گانجہ کے علاوہ کار‘ 1200 روپئے نقد اور ایک سیل فون ضبط کیا گیا ہے۔