اسکول کشادگی کے پہلے دن صرف دس فیصد حاضری

   

اولیاء طلبہ میں وباء کا خوف برقرار ، کوویڈ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنانا ضروری

یلاریڈی : یکم فبروری سے ریاست میں تمام اسکولوں کو دوبارہ کشادگی کا حکومت نے اعلان تو کردیا لیکن پہلے ہی دن طلباء کی حاضری کا فیصد نہایت ہی کم رہا ۔ ضلع ڈی ای او مسٹر راجو نے اچانک سرکاری اسکولوں کی تنقیح کرنے پر کئی اسکول طلباء سے خالی نظر آئے اور مجموعی طورپر پہلے دن دس فیصد حاضری رہی جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اولیائے طلبہ سے ابھی وباء کا خوف مکمل ختم نہ ہوسکا بلکہ آج بھی برقرار ہے ۔ منڈل سداشیونگر کے تمام اسکولوں کو پہلے ہی ادویات کا چھڑکاؤ کرکے صاف ستھرا کیا گیا تھا ۔ ڈی ای او نے کہا کہ طلبہ کی حاضری فیصد میں اضافہ کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایم ای او یوسف ، صدر مدرس راجندر ، وائی اسمعیل اور دوسرے اساتذہ موجود تھے ۔ واضح رہے کہ طلباء کی اگر صد فیصد حاضری رہی تو سماجی فاصلہ ممکن کیسے رہے گا ۔ یہ خدشہ بھی اولیائے طلباء کو غور وفکر کرنے پر مجبور کررہا ہے ۔ پہلے تو کئی اسکولوں میں آج بھی بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور پھر وباء کے قواعد پر عمل آوری کیا جانا کیسے ممکن ہوگا اس سلسلہ میں اولیائے طلبہ میں شبہات پائے جاتے ہیں ۔ حاضری کے فیصد بڑھانے کے لئے مزید اور کچھ دن لگ سکتے ہیں جب تک اولیائے طلبہ مطمئن نہ ہوں گے صد فیصد حاضری کا خیال صرف خیال ہی رہے گا ۔ حکومت تمام سرکاری اسکولوں میں وباء سے متعلق مکمل قواعد پر عمل آوری کو ممکن بناتے ہوئے اقدامات کرے تاکہ شکوک و شبہات کی گنجائش نہ رہے تو پھر صد فیصد طلباء کی حاضری ممکن ہوسکے گی ۔