اتھیلیٹس کو محتاط رہنے اولمپک میراتھن چمپئن الیوڈ کیپچوگے کا مشورہ
نیروبی ۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک میراتھن چمپئن الیوڈ کیپچوگے نے دنیا بھر کے ایتھلیٹوں سے کہا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کورونا وائرس وبائی بیماری کو شکست دینے کے لئے صحتمند رہیں۔کورونا وائرس وبائی امراض کے سبب سیکڑوں ریس منسوخ یا ملتوی ہوگئی ہیں اس کی وجہ سے کھیلوں کی صنعت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔ کیپچوگے نے خود اپنی ٹریننگ کو پس پشت ڈال دیا ہے ،واضح رہے کہ ان کا 26 اپریل کو لندن میراتھن اور ٹوکیو اولمپکس میں مقابلہ ہونا تھا ، جو دونوں ملتوی کردیئے گئے ہیں ۔کینیا کی حکومت کی طرف سے ان کے تربیتی کیمپ کو بند کرنے کے بعد کیپچوگے ایلڈورٹ میں واقع اپنے گھر واپس چلے گئے ہیں۔کیپچوگے نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کیمپ بند کردیا اور میں انفرادی طور پر تربیت حاصل کر رہا ہوں ۔ جس کے لئے ضروری تھا کہ میں اپنے کام کا بوجھ کم کروں ۔اسی کے ساتھ ہی اس وائرس کے مرض کے مکمل خاتمے کے بعد آئندہ کے لئے فٹنیس اور صحت پر خاص توجہ مرکوز رکھنا ہوگی ۔حالانکہ آئندہ کسی مقابلہ اور آمدنی کے امکانات نہیں ہیں اس کے باوجود کیپچوگے نے ہمت نہیں ہاری ہے اوراس وقفے کو اپنے آپ کی تیاری کا ایک اور موقع سمجھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے لئے جو اہم ہے وہ ان کی اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت ہے۔
