اشتراک ‘ اختراع و تبدیلی کا نظریہ ‘ خود مکتفی بھارت کا ضامن

,

   

آئی آئی ٹی سنبل پور کی سنگ بنیاد تقریب سے وزیر اعظم مودی کا ویڈیو خطاب
سنبل پور ( اوڈیشہ ) ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اختراع ‘ عزم اور شمولیت انتظامیہ کے شعبہ میں اہمیت کے حامل ہوگئے ہیں اور ان کے ذریعہ ملک ’ آتما نربھر بھارت ‘ کے مقصد کی تکمیل کرسکتا ہے ۔ آئی آئی ایم ۔ سنبل پور کے مستقل کیمپس کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ خود مکتفی ہندوستان کا مقصد مینجمنٹ و انتظامیہ میں اشتراک ‘ اختراع اور تبدیلی کے نظریہ کے ذریعہ پورا ہوسکتا ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ٹکنالوجی کی مدد سے مختلف علاقوں کے مابین فاصلے کم ہوتے جا رہے ہیں وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے ڈیجیٹل رابطوں کے شعبہ میںتیز رفتار تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں تاکہ دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی مینجمنٹ بھی انسانی مینجمنٹ کی طرح ہی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ہندوستان نے گذشتہ ایک دہے میں خاطر خواہ صلاحیت پیدا کی ہے جس کا مشاہدہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران کیا جاسکا ہے ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو ان تمام کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے جو پیچھے رہ گئے ہیں تاکہ اجتماعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پیداوار اور اشیا کی نئے مینجمنٹ نظریات اور آئیڈیاز کے ساتھ عالمی سطح تک رسائی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کام میں ٹکنالوجی کی مدد بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان میں آج کے اسٹارٹ اپس کل کے ہمہ قومی کارپوریشنس ہوسکتے ہیں۔ نوجوان مینیجرس کو چاہئے کہ وہ ملک اور ملک کے عوام کی خواہشات سے اپنے کیرئیر کے مقاصد کو ہم آہنگ کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئی آئی ایم سنبل پور اوڈیشہ کو مینجمنٹ ایجوکیشن کے شعبہ میں ایک بہترین اور نئی شناخت دینے میں انتہائی اہم رول ادا کرے گا ۔ اس کے علاوہ علاقہ میں ہینڈلوم اور دوسرے شعبہ جات کیلئے بھی بہترین مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں۔