حیدرآباد ۔ /11 مارچ (سیاست نیوز) مجلسی قائد مقننہ اکبرالدین اویسی نے نامپلی میٹروپولیٹین کورٹس میں اشتعال انگیز تقریر کیس میں حاضر عدالت ہوئے ۔ اس کیس کے گواہوں نے جج کے سامنے ان کی نشاندہی کی ۔ دوسرے ایڈیشنل میٹروپولیٹین سیشن جج و خصوصی جج برائے مقدمات ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی نے گزشتہ سماعت کے دوران مجلسی رکن اسمبلی کو /11 مارچ کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی جس پر آج اکبرالدین اویسی حاضر عدالت ہوئے ۔ سال 2013 ء میں نظام آباد ٹاؤن میں درج کئے گئے اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت نامپلی کورٹ میں جاری ہے ۔ اس موقع پر استغاثہ کے دو گواہوں وینکٹیش اور لکشمن نے اکبرالدین اویسی کی عدالت میں جج کے روبرو نشاندہی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گواہوں نے جج کو یہ بتایا کہ اکبرالدین اویسی نے ہی نظام آباد ٹاؤن میں اشتعال انگیز تقریر دی تھی ۔ جج نے گواہوں کے بیانات کو قلمبند کرلیا ۔
واضح رہے کہ سال 2013 ء میں نظام آباد II ٹاون پولیس نے اکبرالدین اویسی کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کا ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اس کیس کی سماعت نظام آباد کی مقامی عدالت میں جاری تھی ۔ لیکن سپریم کورٹ نے ایک احکام جاری کیا تھا جس میں یہ حکم دیا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی (عوامی نمائندے) کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کی فی الفور سماعت کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں ۔ اس ہدایت پر نامپلی میٹروپولیٹین کورٹس میں خصوصی سیشن کورٹ قائم کیا گیا تھا اور اس مقدمہ کو نظام آباد سے حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ اشتعال انگیز تقریر مقدمہ کی سماعت ہنوز جاری ہے ۔