اشتعال انگیز ویڈیو ، خلیج میں مقیم فرد کے خلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد /6 مئی ( سیاست نیوز ) سوشیل میڈیا پر بدکلامی کرنے اور انتہائی ناشائستہ انداز میں اشتعال انگیز بیان وائرل کرنے پر سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے چندرائن گٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد خالد عرف ابو فیصل کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبر کرائم پولیس نے ابو فیصل کے خلاف اس کے تازہ وائرل ویڈیو پر ازخود کارروائی کرتے ہوئے ایک ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سائبر کرائم کے وی ایم پرساد نے کہا کہ ابو فیصل اے آئی ایم آئی ایم کے فیس بک پیج کے ذریعہ انتہائی شر انگیز ویڈیو کو وائر کیا گیا جسے دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پیدا ہوسکتی ہے ۔ ابو فیصل نے اپنے وائرل ویڈیو میں یہ دعوی کیا کہ کوویڈ 19 کے مریضوں کو علاج کے بہانے نامرد بنانے اور عورتوں میں حمل کی صلاحیت ختم کرنے کیلئے انجکشنس دئے جارہے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں اس شخص نے دونوں فرقوں کے درمیان نفرت پھیلانے کا بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم اور حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلہ کو بھی غلط قرار دیا ۔ سب انسپکٹر سائبر کرائم پی نریندر ریڈی کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کیا ۔خلیجی ملک میں مقیم خالد ابو فیصل نے یہ ویڈیو اپ لوڈ کیاتھا۔