اشتہاری دنیا کی اہم شخصیت پیوش پانڈے کا دیہانت

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) اشتہارات کی دنیا میں اڈورٹائزمنٹ گروپ کے طور پر اپنی شناخت رکھنے والے پیوش پانڈے کا دیہانت ہوگیا۔ ہندوستانی اڈورٹائزنگ انڈسٹری ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوچکی ہے جنہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعہ کئی اختراعی اشتہارات تیار کئے تھے۔ پیوش پانڈے نے Ogilvy انڈیا ادارہ سے وابستہ رہتے ہوئے چار دہوں سے زائد نمایاں خدمات انجام دی ۔ 1982 میں وہ اس ادارہ سے وابستہ ہوئے تھے۔ 27 سال کی عمر میں انہوں نے اشتہاری دنیا سے خود کو وابستہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ نمایاں شہرت حاصل کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیوش پانڈے کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات اور کمیونکیشن کی دنیا کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات ہیں۔ بزنس دنیا کی کئی اہم شخصیتوں نے پیوش پانڈے کے دیہانت پر دکھ کا اظہار کیا۔ فیوی کال ، کیاڈبیری اور دیگر پراڈکٹس کیلئے ان کے اشتہارات کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ فلم میکر ہنسل مہتا نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ فیوی کال کا جوڑ ٹوٹ گیا ، آج اڈورٹائزنگ ورلڈ نے اپنا گلو کھودیا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے بھی پیوش پانڈے کو خراج پیش کیا۔ پیوش پانڈے کا جنم 1955 کو جئے پور میں ہوا۔ ان کے والد بینک میں ملازم تھے۔ پانڈے نے کئی برسوں تک کرکٹ کی دنیا میں بھی قدم جمانے کی کوشش کی۔ ہر گھر میں ان کے تیار کردہ اشتہارات کی دھوم ہے۔1