اشرف نے پاکستان کی لاج رکھ لی ، نیدرلینڈ کو شکست

   

کولمبو،7 فروری (یو این آئی) سلمان مرزا (تین وکٹ) کی قیادت میں بولروں کی بہترین کارکردگی کے بعد صاحبزادہ فرحان(47) اور فہیم اشرف(29) کی بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ہفتہ کو ٹی20 ورلڈ کپ کے سخت مقابلے میں نیدرلینڈز پر تین گیندیں باقی رہتے ہوئے تین وکٹوں سے جیت حاصل کی۔148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے ہی اوور میں صائم ایوب13 گیندوں میں(24) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں آرین دت نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد آئے کپتان آغا سلمان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پانچویں اوور میں آرین دت نے آغا سلمان (12) کو شکار بنایا۔ایک وقت میں جب ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ آسانی سے جیت لے گا لیکن 12 ویں اوور میں پال وین میکرین نے پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کرکے پاکستان کو تیسرا دھکا دیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 31 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے47 رنزکی اننگز کھیلی۔ اسی اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے عثمان خواجہ (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اگلے اوور میں رولوف وین ڈیر مروے نے بابر اعظم(15) کا بھی شکار کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔سولہویں اوور میں کائل کلین نے محمد نواز (6) کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لوگن وین بیک نے شاداب خان (8) کو آوٹ کردیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے فہیم اشرف نے محاذ سنبھالا اور19ویں اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستان نے 19.3 اوورز میں 148 رنز بنا کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ فہیم اشرف نے11 گیندوں میں دو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ29 رنزکی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی پانچ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ نیدرلینڈز کے لیے آرین دت اور پال وین میکرین نے دو دو وکٹ حاصل کئے ۔ لوگن وین بیک، کائل کلین اور رولوف وین ڈیر مروے نے ایک ایک بیٹرکو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے یہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے19.5 اوورز میں147 رنزکے اسکور پر سمٹ گئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے29 گیندوں میں (37)، باس ڈی لیڈے نے 25 گیندوں میں (30)، مائیکل لیویٹ نے 15 گیندوں میں (24)، کولن ایکرمین نے 14 گیندوں میں(20) اور آرین دت نے آٹھ گیندوں میں 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیدرلینڈز کے چھ بلے باز دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے ۔ پاکستان کے لیے سلمان مرزا نے تین وکٹ حاصل کئے ۔ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب کو دو دو وکٹ ملے ۔