چنئی 27 اگست (پی ٹی آئی ) بین الاقوامی کرکٹ کے بعد اشون نے اب آئی پی ایل سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے یہ اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔ سوشل میڈیا پر آئی پی ایل سے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے اشون نے اس بڑے فیصلے کی وجہ بھی بتائی۔ اشون نے بتایا ہے کہ وہ اب کیا کرنے جا رہے ہیں۔ اشون نے اپنے آئی پی ایل کیریئر میں5 ٹیموں کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں جملہ 221 میچز کھیلے ہیں۔ اشون نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا کہ یہ زندگی کا خاص دن ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہر چیز کا خاتمہ ایک نئی شروعات لاتا ہے اور میری کہانی میں کچھ ایسا ہی سچ ہے۔ سبکدوشی کے اعلان کے ساتھ اشون نے آئی پی ایل، بی سی سی آئی اور ان تمام فرنچائززکا شکریہ ادا کیا جن کے لیے وہ کھیلے۔ اب سوال یہ ہے کہ اشون نے اچانک آئی پی ایل کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ چنانچہ انہوں نے اپنی سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر اختتام ایک نئی شروعات لاتا ہے۔ ان کے اس فیصلے کی وجہ بھی ان کے اس بیان میں پوشیدہ ہے۔ دراصل اشون کی نظریں اب دوسرے ممالک کی ٹی20 لیگز پر ہیں۔ وہ ان میں کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے آئی پی ایل سے سبکدوشی ضروری تھی۔ اشون کے آئی پی ایل کیریئر میں انہوں نے 16 سالوں میں 5 ٹیموں میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے 2009 میں آئی پی ایل کے دوسرے سیزن میں ڈیبیو کیا۔چنئی سوپر کنگز سے شروع ہونے والا سفر پھر چنئی سوپر کنگز پر ختم ہوا۔ اشون آئی پی ایل 2025 میں سی ایس کے کا حصہ تھے۔ اس دوران اس نے رائزنگ پونے سوپر جائنٹس، دہلی کیپٹلز، پنجاب کنگز اور راجستھان رائلزکے لیے بھی میچ کھیلے۔ اشون نے جملہ 221 آئی پی ایل میچ کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 187 وکٹ لینے کے علاوہ 1 نصف سنچری کے ساتھ 833 رنز بھی بنائے ہیں۔