اشون اور کین بدستور پہلے مقام پر موجود

   

دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹسٹ بیٹرز اور بولرس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی۔ بیٹرزکی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا پہلا مقام پر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے اور بابر اعظم کی درجہ بندی میں بھی 2 درجے بہتری آئی ہے وہ چوتھے نمبر پرآگئے۔ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں اور ٹریوس ہیڈ 2 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں اور انگلینڈ کے ہیری بروک نویں نمبر پرآگئے جبکہ پاکستان کے سعود شکیل 15 اور عبداللّٰہ شفیق 21 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹسٹ بولروں کی درجہ بندی میں ہندوستان کے روی چندرن اشون کا پہلا مقام برقرار ہے جبکہ رویندرا جڈیجہ 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پرآگئے۔ انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ 2 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے تاہم اب وہ ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں ۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنزکی درجہ بندی میں 2 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ پانچویں نمبر پرآگئے۔ شاہین آفریدی کی درجہ بندی میں 3 درجے بہتری ہوئی ہے، وہ چھٹے نمبر پر آگئے جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 4 درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ایک درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پرآگئے اور انگلینڈ کے کرس ووکس7 درجے بہتری کے بعد 23 ویں نمبر پرآگئے۔