نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون ٹیم کے لیے اب تک 100 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اشون نے ان میچوں میں 516 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ ان سے آگے صرف انیل کمبلے ہیں جنہوں نے 619 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انیل کمبلے کے ریکارڈ کو توڑنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اشون نے کہا میں نے اپنے لیے کوئی ہدف مقرر نہیں کیا ہے۔ انیل بھائی چاہتے ہیں کہ میں ان کا ریکارڈ توڑوں لیکن میں ہر روز خوش رہتا ہوں۔ میں اہداف طے کرکے کھیل سے اپنی محبت کھونا نہیں چاہتا۔ ٹیم انڈیا طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ایکشن میں واپسی کرنے جا رہی ہے۔ 19 ستمبر کو اسے بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریزکھیلنی ہے۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے مطابق یہ سیریز ٹیم انڈیا کے لیے بہت اہم ہونے والی ہے۔ اس سیریز کے شروع ہونے سے پہلے ٹیم انڈیا کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون نے کھل کر اپنی سبکدوشی کے بارے میں بات کی ہے۔ روی چندرن اشون نے کہا ہے کہ وہ فی الحال سبکدوشی کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کب چھوڑیں گے۔ روی چندرن اشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر ومل کمارکے ساتھ بات چیت کے دوران اپنی سبکدوشی کے منصوبوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ اپنے کھیل کو بہتر کرنے کی خواہش نہیں رکھتے تو تب وہ سبکدوشی کے بارے میں سوچیں گے۔ اشون نے کہا میرے ذہن میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ میں ایک وقت میں صرف ایک دن لیتا ہوں کیونکہ جب آپ بڑے ہو جاتے ہیں، تو آپ کو ہر روز محنت کرنی پڑتی ہے۔ یہ پہلے جیسا نہیں ہے۔ میں نے پچھلے 3-4 سالوں میں بہت محنت کی ہے۔ میں نے ابھی سبکدوشی کا فیصلہ نہیں کیا لیکن جس دن مجھے لگے گا کہ میں بہتری نہیں لانا چاہتا تو میں سبکدوش ہو جاؤں گا۔ اشون 17 ستمبرکو 38 سال کے ہو جائیں گے۔ جب ان سے 40 سال کی عمر تک کرکٹ کھیلنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا میں جانتا ہوں کہ اس مشکل دور (2018-20) کے بعد میری زندگی کیسے بدل گئی۔ میں صرف کرکٹ کی طرف اپنی خوشی کو برقرار رکھ رہا ہوں اور جس لمحے مجھے لگے گا کہ میں اسے کھو رہا ہوں، میں اس سے دور ہو جاؤں گا۔ ہم سب کھیلتے ہیں اور ہم سب کو جانا ہے۔ کوئی اور آئے گا اور بہتر کرے گا یہ ہندوستانی کرکٹ ہے۔