نئی دہلی۔ ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشون نے آسٹریلیا کے خلاف ڈرا ہوئے احمد آباد ٹسٹ میں 6/91 کے اعداد وشمارکے بعد چہارشنبہ کو جاری کی گئی بولروں کی تازہ ترین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ اشون کو 17.28 کی اوسط سے 25 وکٹوں کے لیے مشترکہ طور پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کارکردگی نے اب انہیں درجہ بندی میں سرفہرست رہنے اور انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے 10 ریٹنگ پوائنٹس پر آگے جانے پر مدد کی ہے ۔ علاوہ ازیں ویرات کوہلی نے بھی ٹسٹ سنچری کے لیے 1205 دن کی خشک سالی کو ختم کرتے ہوئے 186 رنزکے ساتھ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا اور آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں سات درجے ترقی کر کے 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین11 مقامات کی ترقی کے بعد 26 ویں نمبر پر اور ہندوستان کے شبمن گل 17 مقامات کی ترقی کے ساتھ 46 ویں نمبر پرآگئے ہیں اور انہوں نے بھی احمد آباد میں سنچریاں بنانے کے بعد ترقی حاصل کی ہے ۔ بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر اکشر پٹیل چار میچوں میں شاندار264 رنز بنانے کے بعد بولروںکی فہرست میں آٹھ مقامات کی ترقی کرکے44 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں مجموعی طور پر ایک مقام کی چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ احمد آباد میں ہندوستان کے خلاف ڈرا ہوئے چوتھے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے اوپنر عثمان خواجہ کے 180 رنزکے اسکور نے انہیں دو درجے ترقی دے کر ساتویں مقام پر پہنچا دیا ہے اورکیریئر کے بہترین 815 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ٹریوس ہیڈکی شاندار سیریز بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹر کیلئے یادگار رہی اور حال ہی میں اوپنر بنے ہیڈ ٹسٹ کی رینکنگ میں 853 ریٹنگ پوائنٹس کے نئے کیریئر کی بلند ترین سطح پر اپنا پانچواں مقام برقرار رکھا۔ کرائسٹ چرچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار فتح میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل کی 102 اور 81 رنز کی اننگز نے انہیں کیریئر کی بہترین آٹھویں مقام تک پہنچنے میں مدد کی ہے کیونکہ وہ پہلی بار800 پوائنٹس کو چھونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز ٹسٹ بیٹنگ کی درجہ بندی میں ایک اور آگے بڑھنے والے بیٹر ہیں، ان کے47 اور115 رنزکے اسکور نے انہیں 19 ویں سے17 ویں مقام پر پہنچا دیا ہے ۔ بولروں کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی 5/64 اور 2/57 کے ساتھ 18ویں سے 12ویں مقام پر ترقی کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ ۔ ویسٹ انڈیز سیریزکے اختتام کے بعد پروٹیز کپتان ٹیمبا باوما ٹسٹ بیٹرس کی فہرست میں 14 درجے ترقی کرکے مجموعی طور پر15 ویں نمبر پر آگئے اور ان کے ساتھی ایڈن مارکرم 11 درجے چھلانگ لگا کر 22 ویں نمبر پر آگئے۔ ویسٹ انڈیز کے لیے، سیم بولنگ آل راؤنڈر کائل میئرز ٹسٹ بولروں کی فہرست میں10 درجے کی چھلانگ لگا کر 32 ویں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں مجموعی طور پر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔