بنگلورو۔ ہندوستان کے سینئر آف اسپنر روی چندرن اشون کا کوویڈ 19 کا ٹسٹ مثبت آیا ہے، جس سے وہ یکم سے 5 جولائی تک ایجبسٹن میں ہونے والے ٹسٹ میچ کے لیے ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکے۔ اشون فی الحال قرنطینہ میں ہیں اورقواعد سے متعلق تمام ضروریات کو پورا کرنے کے بعد ہی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ باقی ہندوستانی ٹیم 16 جون کو انگلینڈ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بی سی سی آئی کے ایک ذریعہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ اشون نے ٹیم کے ساتھ برطانیہ کا سفر نہیں کیا ہے کیونکہ ٹیم کی روانگی سے قبل ان کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے ٹسٹ میچ سے پہلے ٹھیک ہو جائیں گے۔ تاہم وارم اپ میچ میں لیسٹر شائر کے خلاف ان کی شرکت غیر یقینی ہے ۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد اشون نے ٹسٹ میچ کی تیاری کے لیے تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن (ٹی این سی اے) لیگ کے طویل فارمیٹ میں ایک میچ کھیلا جہاں اس نے 20 اوورز کھیلے۔ ہندوستانی ٹیم بولنگ کوچ پارس مہمبرے اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور کی نگرانی میں لیسٹر میں پریکٹس کر رہی ہے۔ ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ، رشبھ پنت اور شریاس ایر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے اختتام کے بعد لندن پہنچ گئے۔ وی وی ایس لکشمن کی کوچنگ والی محدود اوورز کی ٹیم آئرلینڈ کا دورہ کرنے والی 23 یا 24 جون کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی کیونکہ ٹیم کے ارکان کو تین دن کا آرام دیا گیا ہے۔ ہندوستان 26 اور 28 جون کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی 20 مقابلے کھیلنا ہے۔ اس کے بعد ٹسٹ ٹیم برمنگھم میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی، پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کا آخری میچ جو کوویڈ19 انفیکشن کی وجہ سے گزشتہ سال روک دیا گیا تھا وہ اب کھیلا جائے گا اور اس سیریز میں ہندوستان 2-1 سے آگے ہے۔ ایجبسٹن ٹسٹ کے بعد ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ونڈے اور اتنے ہی ٹی 20 کھیلے جائیں گے۔