چنئی: روی چندرن اشون(6 وکٹ) اور رویندر جڈیجہ (3 وکٹ) کی زبردست گیند بازی کی مدد سے ہندوستان نے پہلے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کے روز صبح کے سیشن میں بنگلہ دیش کو 234 رن کے اسکور پر آل آؤٹ کرتے ہوئے 280رن سے شکست دی۔ اس کے ساتھ انڈیا نے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم واقع چیپاک میں میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کی ٹیم نے گزشتہ روز کے اپنے اسکور 158/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ 52ویں اوور میں اشون نے شکیب الحسن (25) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پانچویں اور آج کی پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد لٹن کمار داس (1) کو جڈیجہ نے پویلین بھیج دیا۔ مہدی حسن معراج (8)اور تسکین احمد (5) اشون کا شکار بنے ۔ 57ویں اوور میں جڈیجہ نے کپتان نجمل شانتو (82) کی وکٹ گرادی۔ مہمانوں کی دوسری اننگز کے 63 ویں اوور کی پہلی گیند پر حسن محمود (7) بولڈ ہو گئے اور میچ کا اختتام ہوا۔ ہندوستان کیلئے دوسری اننگز میں جسپریت بومرا نے ایک بیاٹر کو آؤٹ کیا۔ گزشتہ روز شبھمن گل (119 ناٹ آؤٹ) اور رشبھ پنت (109) کے درمیان 167رنز کی شراکت کے بعد میزبانوں نے اشون (تین وکٹ) کی اسپن کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی۔ تیسرے دن وقفے کے بعد ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز 287/4 پر ڈیکلیئر کر دی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 515 کا ٹارگٹ دیا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے تھے اور گیند بازوں نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 149 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ اشون کو میچ میں پہلے بیاٹ سے اور پھر اختتامی اننگز میں گیند سے شاندار مظاہرے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اشون نے آٹھویں نمبر پر کھیلتے ہوئے ٹیم کو 144/6 کی نازک صورتحال سے نکالا اور 113 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی پہلی جوابی اننگز میں اسٹار آف اسپنر کو وکٹ نہیں ملی لیکن دوسری اننگز میں وہ چھ وکٹ لے گئے۔ دوسرا ٹسٹ کانپور میں 27 سپٹمبر سے کھیلا جائے گا۔