کانپور ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن اشون چنئی ٹسٹ میں میچ کے بہترین کھلاڑی تھے اب اگر وہ کانپور ٹسٹ میں بھی میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لیتے ہیں یا اگر وہ بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کے دعویدار ہوں گے۔ اب اگر اشون کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز ملتا ہے تو یہ ان کے ٹسٹ کیریئر میں11 ویں بار ہوگا جب انہیں یہ اعزاز ملے گا۔ اشون وہ کھلاڑی ہے جس نے ہندوستان کے لیے ٹسٹ میں سب سے زیادہ 10 مرتبہ پلیئر آف دی سیریزکا ایوارڈ جیتا ہے۔ ویراٹ کوہلی موجودہ ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹسٹ میں3 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ اشون کے علاوہ سچن اور سہواگ نے 5 مرتبہ ، راہول ڈراویڈ ، ہربھجن سنگھ ، انیل کمبلے، کپل دیو نے 4 مرتبہ پلیئر آف دی سیریزکا ایوارڈ جیتا ہے۔ اگر اشون 11ویں بار سیریز کے بہترین کھلاڑی بنتے ہیں تو وہ متھیا مرلی دھرن کی برابری کر لیں گے۔ پلیئر آف دی سیریز کے ریکارڈ کے علاوہ اشون کانپور میں مزید 6 بڑے ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ اشون کے پاس چوتھی اننگز میں 100 وکٹ لینے والے پہلے ہندوستانی بننے کا موقع ہے۔ انہیں چوتھی اننگز میں صرف ایک اوروکٹ درکار ہے۔ اشون کے پاس بنگلہ دیش کے خلاف سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا موقع ہے۔ ظہیر خان نے اس ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ 31 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ اس دوڑ میں آسٹریلیائی بولر جوش ہیزل ووڈ51 وکٹوں کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں۔ اگر اشون ایک بار پھر ایک اننگز میں پانچ وکٹ لیتے ہیں تو وہ شین وارن کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ اس وقت اشون کے نام 37 پانچ وکٹیں ہیں۔ اگر اشون کانپور ٹسٹ میں 9 وکٹیں لیتے ہیں تو وہ ناتھن لیون کو پیچھے چھوڑ دیں گے اور موجودہ دور میں سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹیں لینے والے آف اسپنر بن جائیں گے۔