اشون کی شاندارسنچری نے ہندوستان کی لاج رکھ لی ، حسن کامیاب بولر

   

چنئی ۔ روی چندرن اشون اپنی بولنگ کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن جب ان کے ہاتھ میں بیٹ ہوتا ہے اور ٹیم کو اس کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ رنز بنانے میں ناکام نہیں ہوتے۔ اشون نے چنئی ٹسٹ میں بھی ایسا ہی کیا اور ٹیم کو بحران سے باہر نکالا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر اشون آٹھویں نمبر پر آئے اور شاندار سنچری اسکور کی۔ اشون نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر دوسری بار ٹسٹ سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے اپنی آخری ٹسٹ سنچری 15 فروری 2021 کو انگلینڈ کے خلاف بنائی تھی اور اب 1312 دن کے بعد اس کھلاڑی نے ایک بار پھر چنئی میں سنچری بنائی ہے۔ یہ اشون کی چھٹی سنچری ہے اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کھلاڑی نے ہمیشہ مشکل وقت میں سنچری بنائی ہے۔آر اشون نے کریز پر قدم رکھا تو 6 بیٹرس جلدآؤٹ ہو چکے تھے۔ کپتان روہت شرما (6 )، ویراٹ کوہلی (6 )، شبمن گل (0) کے بعد رشبھ پنت (39)، جیسوال اور کے ایل راہول (16) کی وکٹیں بھی گر گئی تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم انڈیا 200 کا ہندسہ عبور نہیں کر پائے گی۔ لیکن آٹھویں نمبر پر آنے والے اشون نے کریز پر آتے ہی اپنے ارادوں کو واضح کردیا۔ اشون نے آتے ہی دو تیز چوکے مارے اور ان کو دیکھ کر اندازہ ہوگیا تھاکہ آج یہ کھلاڑی کچھ بڑا کر دکھائے گا۔ اشون نے اسے ثابت کیا اور صرف 58 گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔ اشون یہیں نہیں رکے، انہوں نے نہ صرف جڈیجہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو150رنز سے آگے بڑھایا بلکہ اگلی 50 گیندوں میں سنچری بھی مکمل کی۔ آر اشون نے چھٹی بار ٹسٹ کرکٹ میں سنچری بنائی ہے ان کی پہلی سنچری2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی تھی۔ اس کے بعد اشون نے 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوبارہ سنچری بنائی۔ 2016 میں اشون نے ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری بنائی اور اس بار غیر ملکی سرزمین پر یہ ان کی پہلی سنچری تھی۔ اسی ٹسٹ سیریز میں انہوں نے ایک بار پھر ایک اور سنچری اسکورکی۔ 2021 میں اشون نے انگلینڈ کے خلاف سنچری بنائی تھی اور اب انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنائی ہے۔علاوہ ازیں ٹیم کے دوسرے اسپنر رویندجڈیجہ نے بھی ان کا شاندار ساتھ نبھایا اور انہوں نے 86 رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔اشون اور جڈیجہ کے درمیان 7 ویں وکٹ کیلئے ناقابل تسخیر 195 رنز کی پارٹنر شپ مکمل ہوچکی ہے ۔دن کے اختتام پر ہندوستان نے ناقص شروعات کے باوجود 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔بنگلہ دیش کیلئے حسن محمود کامیاب بولر رہے اور 58 رنز کے عوض 4وکٹیں لی ۔