نئی دہلی ۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹسٹ میں اسپنر آر اشون نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اشون نے گھریلو میدان پر ٹسٹ کرکٹ میں 250 وکٹ حاصل کرلئے ہیں۔ اشون نے یہ کارنامہ اپنے 42 ویں ٹسٹ میں کیا۔ اس سے پہلے سری لنکا کے مرلی دھرن نے گھریلو میدان پر 42 ٹسٹ کھیلتے ہوئے 250 وکٹ لئے تھے۔ اشون نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جا رہے پہلے ٹسٹ میں بنگلہ دیشی کپتان مومن الحق کو 37 کے اسکور پر آؤٹ کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی اشون نے انیل کمبلے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ ہندوستان میں کھیلتے ہوئے کمبلے نے 43 میچ میں 250 وکٹ لئے تھے۔اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سری لنکا کے اسپنر رنگنا ہیراتھ ہیں۔ ہیراتھ نے 44 ٹسٹ میں 250 وکٹ لئے۔49 ٹسٹ میں 250 وکٹ لینے والے ڈیل اسٹین ٹاپ 5 میں واحد فاسٹ بولر ہیں۔ پانچویں نمبر پر ہربھجن سنگھ ہیں جنہوں نے 51 ٹسٹ میں 250 وکٹ لئے۔ اشون موجودہ وقت میں ٹیم کے سب سے زیادہ کامیاب اسپنر ہیں۔ اشون نے اب تک 69 ٹسٹ کھیلتے ہوئے 358 وکٹ حاصل کر لئے ہیں۔ اشون 27 مرتبہ اننگز میں 5 وکٹ اور 7 مرتبہ میچ میں 10 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔