اشوک متل راجیہ سبھا میں عآپ کے ڈپٹی لیڈر

   

راگھو چڈھا کو عہدہ سے ہٹادیا گیا ۔ داخلی اختلافات کی افواہیں
نئی دہلی 02 اپریل:(ایجنسیز) عام آدمی پارٹی نے راجیہ سبھا میں اپنی قیادت میں اہم اور غیر متوقع تبدیلی کرتے ہوئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ اشوک مِتّل کو پارٹی کا نیا نائب پارلیمانی قائد مقرر کر دیا ہے، جبکہ موجودہ نائب پارلیمانی قائد راگھو چڈھا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کو باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں نہ صرف اشوک مِتّل کی تقرری کی درخواست کی گئی بلکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ راگھو چڈھا کو پارٹی کی نمائندگی کے طور پر ایوان میں اظہارِ خیال کے لیے وقت نہ دیا جائے۔ اس اقدام کو سیاسی حلقوں میں ایک بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اروند کیجریوال کی قیادت میں کیا گیا، جبکہ اس وقت راجیہ سبھا میں سنجے سنگھ پارٹی کے قائد اور پارلیمانی پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ پارٹی اس تبدیلی کو فوری طور پر نافذ کرنا چاہتی ہے، جس کے لیے سیکریٹریٹ سے وقت کی الاٹمنٹ میں بھی رد و بدل کی درخواست کی گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد راگھو چڈھا کے پارلیمنٹ میں اظہارِ خیال کے وقت میں کمی واقع ہو سکتی ہے، جو ان کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ خاص طور پر وہ گزشتہ کچھ عرصے سے عوامی مسائل کو شدت سے ایوان میں اٹھاتے رہے ہیں۔