نئی دہلی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام)شمال مشرقی دہلی کے مقامی افراد نے بتایا کہ ایک مسجد اور ایک درگاہ کو نذرآتش کرنے سے قبل شرپسندوں نے اس میں توڑ پھوڑ کی۔ مسجد اشوک نگر میں واقع ہے جبکہ درگاہ چاند باغ میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کی دوپہر بعض نامعلوم شرپسندوں نے مسجد کو آگ لگادی۔ ہمیں اس کی اطلاع سوشیل میڈیا سے ملی جبکہ پولیس سے بھی بتایا کہ 12 بجے دن مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ یہ تمام تخریبی کارروائی باہر کے لوگوں نے کی۔ ایک مقامی فرد نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس نے یہ بھی کہا کہ مسجد اس علاقہ میں عرصہ دراز سے قائم ہے اور حملے کے وقت اس میں کچھ تعمیری کام چل رہا تھا۔ وہاں کچھ مسلم خاندان آباد تھے لیکن اب انہوں نے وہ علاقہ چھوڑ دیا ہے۔ اس موقع پر سجاد ابراہیم نامی مقامی شخص نے درگاہ میں توڑ پھوڑ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا جو چاند پیر باباؒ کی درگاہ ہے جہاں مسلمانوں کے علاوہ ہندوؤں کی بھی کثیر تعداد آتی ہے۔ آج درگاہ کی یہ حالت دیکھ کر بیحد افسوس ہورہا ہے۔ جن لوگوں نے درگاہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ وہ لوگ یہ بھول گئے ہیں کہ چاند پیر باباؒ ہندو اور مسلمان دونوں سے محبت کرتے ہیں اور ان کی منتیں پوری کرتے ہیں۔