میرپور ٹسٹ میں 8 ویں وکٹ کیلئے 71 رنز کی فیصلہ کن پارٹنرشپ۔ میزبانوں کا سیریز میں 2-0سے صفایا۔ اشوین کو میچ ایوارڈ
میرپور: روی چندرن اشوین (42 ناٹ آؤٹ) اور شریاس ایئر (29 ناٹ آؤٹ) کی آٹھویں وکٹ پر 71 رن کی میچ وننگ پارٹنرشپ کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری ٹسٹ کے چوتھے دن اتوار کو 3 وکٹ سے شکست دے کردو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں 145 کے معمولی ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا ایک مرحلے پر صرف 74 رن پر 7 وکٹ گنوا کر نازک حالت میں تھی لیکن اشوین اور شریاس کی جوڑی نے شکیب الحسن زیرقیادت میزبان ٹیم کے منہ سے فتح چھین لی اور ہندوستان کو غیر ملکی سرزمین پر 2-0 سے کلین سویپ کا اعزاز دلایا۔ زخمی روہت شرما کے غیاب میں لوکیش راہول نے سیریز میں ہندوستان کی قیادت کی ہے۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 227رن بنائے تھے جس کے بعد ہندوستان نے جوابی اننگز میں 314رن بنا کر 87 رن کی برتری حاصل کر لی تھی۔ میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 231رن بنائے اور ہندوستان کو جیت کیلئے 145رن کا ہدف دیا جسے ہندوستان نے 47 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے عبوری کپتان راہول اور ویراٹ کوہلی کی خراب فارم تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ وہیں میزبان ٹیم کے اوسط درجہ کے بولنگ اٹیک کے سامنے ہندوستان کے ٹاپ بیاٹروں کی قابل رحم کارکردگی بھی سلیکٹرز کو سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کر سکتی ہے کیونکہ ہندوستان کو اگلے چند دنوں میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنا ہے ۔ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں آسٹریلیا 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ہندوستان نے 14 میچوں میں آٹھ ٹسٹ جیتے اور چار میں شکست کھائی۔ پوائنٹس ٹیبل میں وہ 99 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ اشوین ایک بار پھر اپنی ٹیم کیلئے کارآمد ثابت ہوئے ۔ ایک ایسے وقت میں جب ٹیم یقینی شکست کی طرف بڑھ رہی تھی، نویں نمبر پر اُن کی فائٹنگ اننگز ہندوستان کیلئے لائف لائن بن گئی۔ بیٹنگ کے علاوہ انہوں نے میچ کی دو اننگز میں 6 وکٹ لے کر میزبان ٹیم کو معمولی اسکورز پر آل آؤٹ کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے مہدی حسن معراج کے تابڑ توڑ حملے نے ہندوستان کو شکست کی دہلیز پر پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے 63 رن پر دنیا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا۔ اشوین کو پلیئر آف دی میچ اور چتیشور پجارا کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ پجارا نے پہلے ٹسٹ میں 90 اور 102 رن (ناٹ آؤٹ) اسکور کئے تھے مگر دوسرے ٹسٹ میں وہ صرف 24 اور 6 رن بنا سکے۔