اشیاء خوردونوش پر جی ایس ٹی سے عوام کا جینا محال

   

کاماریڈی میں وزیراعظم کا علامتی پتلہ نذر آتش ، ٹی آر ایس قائدین کا خطاب

کاماریڈی : مرکزی حکومت کی GST کی شرحوں میں اضافہ کے باعث دودھ و دیگر کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی نافذ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ٹی آرایس ٹائون کمیٹی کی جانب سے آج نظام ساگر چوراستہ پر مودی کا علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا گیا ۔ نظام ساگر چوراہا پر ٹی آرایس ٹائون کمیٹی کے صدر پربھاکر ریڈی کی قیادت میں لائبریری کمیٹی کے چیرمین پی راجیشور ،ارکان بلدیہ محمد سلیم ، عمران محی الدین ، مہیش اور ٹی آرایس اقلیتی سیل کے صدر محمد شوکت ، رکن بلدیہ رمیش و دیگر نے مودی کے خلاف نعرہ بازی کی اور مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا ۔ اس موقع پر پربھاکر ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت دودھ و دیگر اشیاء پر جی ایس ٹی نافذ کرنے کے علاوہ گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کی وجہ سے عام آدمی کا جینا بھی مشکل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کیخلاف ریاست گیر سطح پر مرکزی حکومت کیخلاف تحریک چلاتے ہوئے عوام کو اس بات سے واقف کروائی گئی اور حکومت کی پالیسی کے بارے میں عوام کو واقف کرانے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھا جائیگا انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اقتدار میں آنے سے قبل قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی تھی لیکن آج خود ہی خود کی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے عام آدمی پر بوجھ عائد کیا ہے جس کی وجہ سے گیس پر پکانے کے بجائے لکڑی پر پکانے کیلئے مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے اضافہ شدہ جی ایس ٹی اور گیس کی قیمتوں سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔