اشیاء کے استعمال سے زیادہ خریداری میں احتیاط کی ضرورت

   

سماجی فاصلہ کی برقراری اور ماسک لازمی طور پر استعمال کریں ، پکوان سے قبل اچھی طرح دھو لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) غذائی اشیاء کے استعمال سے زیادہ غذائی اشیاء کی خریداری کے دوران احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ کورونا وائرس کی بنیادی وجہ سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھے جانے کے علاوہ ایک دوسرے سے زیادہ قربت کے سبب پھیلنے کے کئی ثبوت موجود ہیں اسی لئے عالمی ادارۂ صحت کے علاوہ دیگر اداروں کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ غذائی اشیاء کی خریداری کے دوران صبر و تحمل کے علاوہ صف شکنی سے اجتناب لازمی ہے اور جس کسی شئے کی خریداری کی گئی ہو تو اس کے حصول کے بعد جیسے ہی باہر نکلیں فوری اپنے ہاتھوں کو سینیٹائزر سے صاف کرلیں ۔ جو اشیاء خریدنے کیلئے باہر گئے تھے ان کو پکوان سے قبل دھولینا کافی ہے اور جب ایک مرتبہ اشیاء چولہے پر پکائی جاتی ہیں تو اس کے بعد ان میں کورونا وائرس کے اثرات باقی رہنے کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔ جن اشیاء کو بغیر پکائے استعمال کرنا ہوتا ہے ان اشیاء کو اچھی طرح سے دھولینا کافی ہوتا ہے۔ریستوراں میں کھاتے وقت سماجی فاصلہ رکھنا مشکل ہوتا ہے لیکن ریستوراں سے غذائی اشیاء کی خریدی کے ساتھ انہیں گھر لیجا کر آرام سے استعمال کرنے کی گنجائش موجود ہے اسی لئے تیار غذائی اشیاء کے استعمال میں کوئی خوف کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ان اشیاء کی بہتر انداز میں پیاکنگ اور انہیں صفائی کے ساتھ فروخت کرنے والوں کے پاس سے کی جانے والی خریداری کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ فروخت کے دوران سماجی فاصلہ ‘ ماسک کا استعمال اور ہاتھوں کی صفائی لازمی ہونی چاہئے کیونکہ اب تک جس طرح سے مرض پھیلتا رہا ہے اس کو روکنے یہی احتیاط ضروری ہے۔