حالات حاضرہ پر سخت چوکسی ، وزیر گنگولا کملاکر کا بیان
کریم نگر۔ 28/ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر میں 11 افراد کو کورونا مثبت پایا گیا ان حالات کے پیش نظر حکومت چوکسی اختیار کررہی ہے ریاستی وزیر بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائی گنگولاکملاکر کا بیان۔ بروز ہفتہ شہر کے بس اسٹانڈ اور زرعی مارکٹ میں قائم کردہ ترکاری مارکٹ کا وزیر موصوف نے دورہ کیا۔ اس موقع پر گنگولا کملاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکاری ، اشیائے ضروریات کیلئے آنے والے افراد سماجی دوری بنائے رکھیں ، فی الحال ضلع میں عہدیداران ، انتظامی عہدیدار ، مونسپل عہدیدار و عملہ چوکسی و فرض شناسی کے ساتھ کورونا وائرس کے تدارک کیلئے خدمات انجام دے رہیں۔ وزیر اعلی ٰ کے جاری کردہ احکامات کے بموجب انڈونیشیا سے آئے وفد کے رہائش کردہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے ان علاقوں سے آمد ورفت کو بند کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں دیگر علاقوں میں بھی عوام کو گھروں تک محدود رہنے کے ہدایات جاری کئے گئے۔ انہوں نیمزید کہاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں تک محدود رہیں تبھی کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ ترکاری مارکٹ میں 4 تا 5 مارکٹ ایک ہی مقام پر موجود رہنے پر پیش آرہی دشواری کے حل کیلئے مختلف مقامات پر 11 ترکاری مارکٹ قائم کئے گئے تاکہ بہ آسانی عوام خریدی کرسکیں۔ انہوں نے مارکٹ میں موجود عوام کی تعداد کو دیکھتے ہوئے کہاکہ مزید 4 ترکاری مارکٹ قائم کئے جائیں۔الکا پوری ، حسینی پورہ ، ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں جملہ 4 تا 5 مارکٹ قائم کئے جائیں گے ۔ اس سے عوام کی ایک ہی مقام پر ہجوم کی شکل میں موجودگی کا خدشہ نہ ہوگا۔ شہر میں آن لائن کے ذریعہ اشیائے ضروریات کے حصول کیلئے اسپینسر کے ذریعہ گھروں کو ہی اشیا فراہم کی جائینگی۔ دنیا بھر میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے، اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انہوں نے عوام سے تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ خریدی کیلئے باہر نکلنے کی صورت میں بھی سماجی دوری بنائے رکھیں۔ حالات کے پیش نظر عوام شخصی ذمہ داری نبھائیں اور سماجی دوری اختیار کریں تبھی اس خطرناک وائرس سیریاست تلنگانہ کو بچایا جاسکتا ہے ، خود کیلئے اپنے بچوں کیلئے اپنے شہر کیلئے ، اپنے ریاست کیلئے اور اپنے ملک کیلئے اس وائرس کے تدارک کیلئے جاری کردہ احکامات پر عمل کرنے کی وزیر موصوف نے عوام سے التجاء کی۔ اس موقع پر مئیر سنیل راؤ ، مونسپل کمشنر کرانتی ڈی ڈی پدماوتی ، کارپوریٹر ودیگر نے شرکت کی۔