اصلاح معاشرہ کا کام گھروں سے شروع کرنے کی تلقین

   

ظہیر آباد میں جماعت اسلامی کا اجتماع، محمد اظہر الدین و دیگر کا خطاب

ظہیر آباد۔ جماعت اسلامی ہند ظہیر آباد کے شعبہ اسلامی معاشرہ کے زیر اہتمام ماہانہ اجتماع عام بعنوان ’’اصلاح معاشرہ‘‘ کل شام اسلامک سنٹر پر منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی جناب محمد اظہر الدین سیکرٹری رابطہ عامہ حلقہ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم معاشرہ زبوں حالی کا شکار ہوگیا ہے اس کی اصلاح کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اسے اپنے گھر سے شروع کیا جائے چونکہ ایک گھر میں تین نسلیں رہتی ہیں جو ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہوتی ہیں، تربیتی پہلو کا موثر ذریعہ یہ ہے کہگھروں کے رشتوں کو مضبوط بنائیں حقو ق اللہ اور حقوق العباد میں کوتاہی نہ کریں نمازوں کی ادائیگی میں تساہلی نہ برتیں ۔ معاشرہ کے اندر برائیوں کا ایک سیلاب ہے۔ جھوٹ ایک کبیرہ گناہ کے باوجود اس کو گناہ نہیں سمجھا جاتا معاشرہ میں حسد جلن عدم تحمل بے صبری وغیرہ ہے۔ دولت مند افراد تقریبات میں بے دریغ فضول خرچی کرکے معاشرہ کو تباہی کے دہانے پر لے جارہے ہیں اور غریب قرض کے بوجھ تلے دبے چلے جارہے ہیں ان برائیوں کے تدارک کیلئے ملت کے باشعور طبقے کو احساس ذمہ داری کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا ۔ اجتماع کا آغاز برادر محمد عدنان کی تلاوت وترجمانی سے ہوا امیر مقامی محمد ناظم الدین غوری نے مہمان مقررین اور شرکائے اجلاس کاخیرمقدم کیا جناب محمد عبدالرب لطیفی سیکرٹری مالیہ حلقہ تلنگانہ نے بھی خطاب کیا ، نظامت برادر محمد یعقوب ضلعی صدر ایس آئی او سنگاریڈی نے کی جبکہ اظہار تشکر محمد معین الدین معاون امیر مقامی نے پیش کیا اور انکشاف کیا کہ 26؍ مارچ بروز ہفتہ بعد نماز مغرب اسلا مک سنٹر پر ایک جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک منعقد ہوگا ۔اس موقع پر جناب محمد نصیر الدین جنرل سیکرٹری حلقہ تلنگانہ کے علاوہ معززین شہر کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی محمد قیصر غوری سیکرٹری مقامی شعبہ اسلامی معاشرہ نے انتظامات کئے۔