اصلاح پسند قائد، مسعود پزشکیان ایران کے نئے صدر منتخب

,

   

ہم سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے، 69 سالہ پزشکیان آٹھ سال سے ایران کو مغربی ممالک کے قریب لانے کوشاں

تہران: ایران کے صدارتی انتخاب میں مسعود پزشکیان نے فتح حاصل کرلی۔ایرانی میڈیا کے مطابق اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان نے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ 63 لاکھ ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل رجعت پسند سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ حاصل کرسکے۔ایران کی وزارت داخلہ نے مسعود پزشکیان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 69 سالہ مسعود پزشکیان سب سے زیادہ ووٹ لے کر ایران کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ مسعود پزشکیان ہارٹ سرجن اوررکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ مسعود پزشکیان صحت و طبی تعلیم کے وزیر، 5 بار پارلیمنٹ کے رکن اور ایک بار نائب صدر رہ چکے ہیں۔اپنی جیت کا باضابطہ اعلان کرنے کے بعد اصلاح پسند منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ہفتہ کو کہا کہ وہ سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے۔ یہ بات انتہائی قدامت پسند سعید جلیلی کے خلاف صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے اعلان کے بعد ان کے پہلے بیانات میں سامنے آئی ہے۔پزشکیان نے سرکاری ٹیلی ویژن کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے، ہم سب اس ملک کے لوگ ہیں اور ہمیں اس کی ترقی کے لیے سب کی مدد لینا چاہیے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے زور دیا کہ ہمارے آگے مشکل راستہ ہے جو صرف آپ کے ساتھ دینے، آپ کی ہمدردی اور بھروسے کی وجہ سے ہی آسان ہو گا۔ یہ اس وقت سامنے آیا جب پزشکیان نے حالیہ دنوں میں محمد جواد ظریف کے ہمراہ اپنی انتخابی مہم کی قیادت کی۔ انہوں نے وزارت خارجہ کی سربراہی میں گزارے آٹھ سالوں کے دوران ایران کو مغربی ممالک کے قریب لانے کی کوشش کی۔پزشکیان نے اگست 2001 اور اگست 2005 کے درمیان اصلاح پسند صدر محمد خاتمی کے تحت وزیر صحت کے طور پر خدمات انجام دیں ہیں۔ انہیں 2021 میں صدارتی دوڑ سے باہر کر دیا گیا تھا۔ ایرانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو سعید جلیلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ایران کے صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں 4 میں سے کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ نہیں لے سکا تھا۔ پہلے مرحلے میں 28 جون کو ہونے والی ووٹنگ میں ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا تھا جو 1979 کے بعد سے سب سے کم ٹرن آؤٹ تھا۔ مئی میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں وفات کی وجہ سے ایران میں قبل از وقت صدارتی انتخابات ہوئے ہیں۔
مودی نے ایران کے نئے صدر کو مبارکباد دی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ ہندوستان۔ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں اور خطہ کے فائدے کیلئے ہمارے گرمجوشی اور طویل مدتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ہے۔
ایران سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند صدارتی امیدوار مسعودپیزیشکیان نے بنیاد پرست سعید جلیلی کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈاکٹر پیزیشکیان کو 53.3 فیصد ووٹ ملے ۔