۔22 جون کو تلنگانہ ہائیکورٹ میں سماعت مقرر
حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے لاک ڈائون کے دوران گھریلو صارفین کیلئے زائد شرحوں پر مبنی بلز کی اجرائی کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے۔ صدرنشین حیدرآباد کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ نے مفاد عامہ کے تحت درخواست دائر کی۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان کے اجلاس پر 22 جون کو سماعت مقرر کی گئی ہے۔ سینئر کونسل رفیع الدین کلیم نے عدالت کو بتایا کہ لاک ڈائون کا تین ماہ کا بل بیک وقت جاری کردیا گیا جو گھریلو صارفین کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ماہ کے مجموعی یونٹس کو زائد سلاب کے ساتھ حساب کرکے ہزاروں روپئے کا بل جاری کردیا گیا۔ معمول کے حالات میں جن صارفین کو ماہانہ 4 تا 5 سو روپئے بل آتا تھا انہیں تین ماہ کا بل ہزاروں روپئے آیا ہے۔ لاک ڈائون سے پہلے ہی غریب اور متوسط طبقات پریشان رہے۔ ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور معاشی تنگی کے نتیجہ میں خاندان کی کفالت میں دشواری پیش آئی۔ ان حالات میں محکمہ برقی کی جانب سے عوام پر ہزاروں روپئے کا بوجھ عائد کرنا غیر انسانی سلوک ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ لاک ڈائون کی مدت کا بل گھریلو صارفین کو معاف کرنے ہدایات جاری کرے۔