کے ٹی آر کا اظہار حیرت، کوویڈ قواعد پر عمل آوری کی اپیل
حیدرآباد : تلنگانہ میں ویکسین کی کمی سے متعلق حکومت کی توجہ دہانی کے باوجود مرکز کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے مرکز کے رویہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا ویکسین کی سربراہی کے سلسلہ میں مرکز کو توجہ دلائی گئی لیکن مرکز سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے پس منظر میں کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف چوکس رہیں بلکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت سے تعاون کریں۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کے سوالات کا جواب دیا۔ اُنھوں نے فلم ’’کاما کرکٹ اور سیاست‘‘ سے متعلق مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کے لئے مرکز کو چاہئے کہ وہ ریاستوں سے تعاون کریں اور درکار زائد ویکسین سربراہ کیا جائے۔