حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاک ڈائون میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے مقامات منتقل ہونے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے نتیجہ میں ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک پہنچنے کوئی راستہ نہیں ہے۔ ایسے میں ہزاروں خاندان اپنے مقامات سے دور ہوچکے ہیں۔ جی نرنجن نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے لاک ڈائون میں مزید توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ لاک ڈائون کی پابندی کرتے ہوئے ایسے خاندانوں کو جو دیگر مقامات پر پھنس چکے ہیں، واپسی کی اجازت دی جائے۔ 22 مارچ کو جنتا کرفیو کے اعلان کے وقت عوام نے سمجھا تھا کہ یہ محض 24 گھنٹے کے لیے ہوگا لیکن عوام کو منتقلی کی اجازت دیئے بغیر ہی 21 دنوں کے لاک ڈائون کا اعلان کردیا گیا جس کے نتیجہ میں ہزاروں خاندان اپنے مقامات سے دور ہوچکے ہیں۔ مختلف شہروں میں لاکھوں غیر مقامی مزدور واپسی کے منتظر ہیں۔ خود شہر حیدرآباد میں ہزاروں خاندان اپنے متعلقہ اضلاع اور ریاست واپس ہونے کے لیے بے چین ہیں۔
