آئندہ 5 دن بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کی پیش قیاسی ۔ عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ
حیدرآباد10ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے کئی اضلاع اور دونوں شہرو ں میں گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش نے شہر کی کئی مصروف ترین سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا جس سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام ہوگئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں سے شہر میں مطلع ابرآلود تھا ۔ تاہم کچھ دیر مطلع صاف ہوچکا تھا لیکن خانگی ماہرین نے سہ پہر کے بعد بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور اس کے مطابق بارش کا سلسلہ رات تک جاری رہا۔ دونوں شہرو ں میں سہ پہر کے بعد بارش کے بعد سے مسلسل ہلکی و تیز بارش کے علاوہ بونداباندی جاری رہی ۔ محکمہ موسمیات ‘ خانگی ماہرین کے مطابق تلنگانہ اور شہر میں آئندہ 5یوم میں اسی طرح موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہیگا لیکن مسلسل بارش کا امکان کم ہے ۔ شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں بھی گھن ‘گرج اور چمک کے ساتھ بارش میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے پر بلدیہ کے شعبہ ای وی ڈی ایم عملہ کو متحرک کرکے پانی کی نکاسی کا آغاز کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات و خانگی ماہرین کے مطابق شہر میں آئندہ 5یوم اسی طرح بارشوں کا امکان ہے لیکن بارش میں وقفہ کے نتیجہ میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ سنگاریڈی ‘ میدک‘ ظہیر آباد‘ سدی پیٹ‘ کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی بارش جاری ہے۔ آئندہ 5یوم کیلئے پیش قیاسی میں کہا گیا کہ اضلاع و شہر علاوہ شمالی آندھرا میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ مئیر مسز گدوال وجئے لکشمی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پانی جمع ہونے کی صورت میں جی ایچ ایم سی ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے مدد طلب کریں تاکہ کوئی اندوہناک واقعہ نہ پیش آئے۔ بارش میں ملک پیٹ‘ عنبر پیٹ‘ شیخ پیٹ‘ ٹولی چوکی ‘ بندلہ گوڑہ ‘ چندرائن گٹہ ‘ حافظ بابا نگر ‘ نشیمن نگر و دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں اور ان کے ازالہ کے اقدامات کرکے نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ رات دیر گئے اور صبح کی اولین ساعتوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔